Aaj News

پیر, مئ 06, 2024  
27 Shawwal 1445  

پولیس چھاپے کے بعد عثمان ڈار کی والدہ کے ساتھ پریس کانفرنس، خواتین نے من گھرٹ کہانی بنائی، ڈی پی او

خواجہ آصف جرات کرو میری ماں کا مقابلہ کرو، سابق پی ٹی آئی رہنما کا چیلنج
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2023 05:21pm
فوٹو:اسکرین گریپ
فوٹو:اسکرین گریپ

تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی والدہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے گھر میں چھاپہ مار کر زدوکوب کیا، یہ سب خواجہ آصف کی ایما پر کیا گیا، میرا پورا خاندان جیل جانے کو تیار ہے۔ دوسری جانب خواجہ آصف اور ڈی پی او سیالکوٹ کا جواب بھی سامنے آگیا ہے۔

سیالکوٹ میں عثمان ڈار کے گھر پر چھاپہ پیر اور منگل کی درمیانی شب مارا گیا جس کے بعد بدھ کو علی الصبح سے ان کی والدہ کا ایک ویڈیو پیغام گردش کرنے لگا۔

عثمان ڈار کی والدہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ میں دروازہ نہیں کھول رہی تھی، یہ لوگ دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ’ان لوگوں نے مجھے زدوکوب کیا، میرے سر سے چادر اتاری، میرے بال کھینچے‘۔

عثمان ڈار کی والدہ نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ ان لوگوں سے پوچھیں یہ سب کیا ہورہا ہے۔

انہوں نے خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا چیلنج ہے، میرے گھر کو بلڈوزروں سے ڈھیر بنا دو اور میدان میں آؤ، دیکھو میں تمہارے شیر کا کیا حشر کرتی ہوں، مجھے ہتھکڑیاں لگاؤ میں کاغذات نامزدگی جمع کراؤں گی‘۔

انہوں نے خواجہ آصف کو کہا کہ میرے الیکشن کے کاغذات جمع کرانے کا سن کر آپ نے میرے گھر پر پولیس کے 20 لوگ بھیج دیے، جو مجھے زدوکوب کرکے گئے ہیں، میں جیل میں بھی جاکر الیکشن لڑوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں چیف جسٹس صاحب سے انصاف چاہتی ہوں۔

بعد میں عثمان ڈار کی والدہ اور عثمان ڈار مقامی عدالت گئے۔ عدالت سے واپسی پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کی۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات میرے گھر میں خواتین کےعلاوہ کوئی مرد موجود نہیں تھا، اور پولیس میرے گھر میں وارنٹ گرفتاری کے بغیر گھسی۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ میری والدہ سابق چیف جسٹس عمرعطا بندیال سے انصاف مانگتی رہیں لیکن انہیں انصاف نہیں ملا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آج آپ اس عہدے پر ہیں اور میری ماں آپ سے انصاف مانگ رہی ہیں، میں امید کرتا ہوں کہ آپ میری ماں، میرے گھر کی عورتوں کو انصاف دلائیں گے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نو مئی کو بھی میرے خاندان کےساتھ بربریت کی گئی، اور میرے گھر میں لوٹ مار کی گئی، لیکن آج تک انکوائری نہیں کی گئی کس نے لوٹ مار کی، چیف جسٹس اگرانکوائری ہوجاتی توکل والا واقعہ نہ ہوتا۔

سابق وزیر نے کہا کہ بے شرم ڈی پی او نے خواتین کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالا، یہ میرے خلاف ذاتیات پر اترا ہوا ہے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ عوام آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، اس ڈی پی او کی سرپرستی میں الیکشن فری اینڈ فئیر نہیں ہوسکتے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ میری والدہ تحریک انصاف کے نشان سےالیکشن لڑے گی، خواجہ آصف کی ایما پرنو مئی کو میرے گھر پر حملہ ہوا تھا، خواجہ آصف کو پیغام ہے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے میری ماں کا مقابلہ کرو، عثمان ڈار اپنی ماں کے ساتھ کھڑا ہے، میرا پورا خاندان جیل جانے کو تیار ہے۔

ڈی پی او سیالکوٹ کا جواب

عثمان ڈار کے گھر پر پولیس چھاپے اور ان کی والدہ کے دعوے پر ڈی پی او کا بیان آگیا ہے۔

ڈی پی او سیالکوٹ کا کہنا ہے کہ عمر ڈار کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر چھاپہ مارا تھا، ملزم سوشل میڈیا پر گھر والوں سے رابطے میں ہے، پولیس پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

خواجہ آصف کا جواب

عثمان ڈار کی والدہ کے الزامات پر خواجہ آصف نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسی انتقامی سیاست سے میرا کوئی تعلق نہیں، میں نے ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین اور ان کے خاندان کا احترام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری بیوی تین درجن بار عدالتوں کی پیشیاں بھگت چکی ہیں، میرا بیٹا جس کا سیاست سےکوئی تعلق نہیں اس کے خلاف بھی جھوٹے مقدمے بنائے گئے، میرے ان سیاسی مخالفین نے مشرف اورپی ٹی آئی حکومتوں میں میرے خلاف درخواست بازی کی، میں نے دونوں ادوار میں 6،6 ماہ قید کاٹی لیکن کچھ ثابت نہ ہوسکا، میری ذات کی سیاست عوام سے کمٹمنٹ، اصولوں اور وفاداری پر ہے۔

Khawaja Asif

Usman Dar Mother

Raid on Usman Dar's House

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div