Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

حریت رہنما پروفیسر نذیر احمد شال انتقال کر گئے

مشعال ملک اور مرتضیٰ سولنگی کا اظہار افسوس
شائع 30 دسمبر 2023 11:50am

نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے معروف کشمیری حریت رہنما پروفیسر نذیر احمد شال کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے حریت رہنما کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نذیر احمد شال ایک باہمت، نڈر اور مخلص رہنما تھے، کشمیر ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگیا ہے۔

نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ نذیر احمد شال نےمسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ نذیر احمد شال نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کی۔ ان کی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جاری جدوجہد میں گراں قدر خدمات ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پروفیسر شال مقبوضہ کشمیر سمیت مختلف مقبوضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ایک بلند آواز تھے۔ اللہ پاک اُن کی مغفرت اور درجات بلند فرمائیں۔

یاد رہے کہ معروف سینئیر کشمیری حریت رہنما پروفیسر نذیر احمد شال طویل علالت کے بعد آج علی الصباح لندن میں انتقال کر گئے ہیں۔

پروفیسر نذیر شال کی عمر 77 سال تھی اور وہ گزشتہ دو ماہ سے علیل اور لندن کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

انہیں گردے اور سانس کا مرض تھا جس کے باعث اُن کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔

بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے سینئیر حریت رہنما پروفیسر شال نے اپنی زندگی تحریکِ آزاد کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی، وہ تمام عمر کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کے لیے سیاسی اور سفارتی طور پر خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔

انہوں نے بھارتی مظالم سے تنگ آکر 1991ء میں مقبوضہ کشمیر سے پاکستان ہجرت کی اور پھر 2004ء میں وہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے لندن چلے گئے، جہاں انہوں نے کشمیر سینٹر لندن کی سربراہی کی۔

پروفیسر نذیر احمد شال کئی کتابوں کے مصنف تھے۔ انہوں نے روزنامہ کشمیر مرر، خبر ایجنسی صنعا نیوز، کشمیر پریس انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر اور کشمیر سینٹر برطانیہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

Mishal Malik

Murtaza Solangi

Nazeer Ahmed Shal

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div