Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

بلوچستان میں فورسز کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک، بہادری سے لڑتے ہوئے 5 جوان شہید

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے 2 آپریشنز، 4 دہشت گرد ہلاک
اپ ڈیٹ 14 جنوری 2024 12:29am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

بلوچستان کے ضلع کیچ میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی گاڑی دہشت گردوں کی نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک اور بہادری سے لڑتے ہوئے 5 جوان شہید ہوگئے۔ دوسری طرف شمالی وزیرستان اور ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ آپریشنز کرتے ہوئے 2 انتہائی مطلوب دہشت گردوں سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں آپریشن کیا، اس دوران سکیورٹی فورسز کی گاڑی دہشت گردوں کی نصب دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے، آپریشن کے دوران 5 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

شہداء میں ساہیوال کے 23 سالہ سپاہی ٹیپو رزاق، کراچی کے 24 سالہ سپاہی سنی شوکت، لسبیلہ کے 23 سالہ سپاہی شفیع اللہ، اورکزئی کے 25 سالہ لانس نائیک طارق علی اور میانوالی کے 25 سالہ سپاہی محمد طارق خان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے 2 آپریشنز، 4 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے علاقوں شمالی وزیرستان اور ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ آپریشنز کرتے ہوئے 2 انتہائی مطلوب دہشت گردوں سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 الگ الگ آپریشنز کیے ہیں، آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔۔

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گرد مارے گئے، جن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر تبسم عرف قادر مان اور دہشت گرد ساجد عرف سرکنڈی شامل ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں، بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشنز کئے گئے، علاقہ مکینوں نے کارروائیوں کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

ISPR

North Waziristan

security forces

خیبر پختونخوا

KPK

security forces operation

Terrorists killed

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div