Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

چینی نائب وزیر خارجہ کی آرمی چیف اور نگراں وزیراعظم سے ملاقاتیں، سی پیک سیکورٹی پر اطمینان

پاک چین تعلقات علاقائی امن و استحکام کی مشترکہ سوچ پر قائم ہیں، سربراہ پاک فوج
اپ ڈیٹ 23 جنوری 2024 09:42am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ آئی ایس پی آر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات علاقائی امن و استحکام کی مشترکہ سوچ پر قائم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور سی پیک منصوبوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر چین کے اطمینان سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چینی نائب وزیر خارجہ کے جذبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔

چینی نائب وزیر خارجہ کی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی سے بھی ملاقات

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی نائب وزیر خارجہ سن ویڈ ونگ کی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ سیکیورٹی، دفاعی تعاون، علاقائی اور بین الاقوامی سیکیورٹی ماحول سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگراں وزیراعظم سے چینی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے چینی نائب وزیر خارجہ سن ویڈ ونگ کی ملاقات ہوئی جس میں پاک چین تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان سی پیک کی کامیابی کے لیے پرعزم ہے، سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے دونوں ممالک کو ملکر کام کرنا ہو گا۔

چینی نائب وزیر خارجہ نے قیادت کی طرف سے نگراں وزیراعظم کو خصوصی مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ بااعتماد ساتھی رہے گا۔

چینی نائب وزیرخارجہ کی صدر مملکت سے بھی ملاقات

اس سے قبل چینی نائب وزیرخارجہ سن ویڈونگ نے صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے باہمی فائدے کے لیے معیشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس منصوبے کے اگلے مرحلے میں چین کا تعاون پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے اہم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دونوں دوست ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

اس موقع پر چین کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ایک پرانی تاریخ ہے جو مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔

rawalpindi

ISPR

Army Chief

COAS

General Asim Munir

Army Chief General Asim Munir

syed asim munir

General Syed Asim Munir

army cheif

China Vice Foreign Minister

Sun Weidong

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div