Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

عوام بلاخوف اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، مکمل تحفظ فراہم کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

میر علی مردان ڈومکی کا بلوچستان اپیکس کمیٹی کے 15 ویں اجلاس سے خطب
شائع 27 جنوری 2024 05:56pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ صوبے میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں، عوام بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت بلوچستان اپیکس کمیٹی کا 15 واں اجلاس ہفتے کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، نگراں وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم سمیت اعلٰی صوبائی سول و عسکری حکام اور ڈویژنل کمشنرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے علاوہ صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ صوبے میں پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامی حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے، الیکشن کے دوران حساس مقامات پر بحالی امن کے لیے پولیس اور لیویز کی معاونت کے لیے پاک فوج اور ایف سی کے جوان بھی موجود ہوں گے، 28 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی سامان کی ترسیل روڑ کے ذریعے جبکہ 8 پولنگ اسٹیشنوں پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہوگی، حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران پولیس اور لیویز فورس کی تعیناتی کا ابتدائی میزانیہ جاری کردیا گیا ہے، نارمل پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی ضروریات کے لیے لائن ڈیپارٹمنٹس اور ریٹائرڈ سیکیورٹی اہکاروں کو طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ سیکیورٹی کی تعیناتی کو یقینی بنایا جاسکے، اس کے علاوہ پولیس ایکٹ کے تحت انتخابات کے لیے مختصر المدتی افرادی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے اجلاس کو بتایا کہ الیکشن کے انتظامات کے لئے صوبے کے ڈپٹی کمشنرز اور پوليس کو مطلوبہ فنڈز کا اجراء کردیا گیا ہے۔

میر علی مردان ڈومکی نے کہا کہ صوبے میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں، عوام بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں مکمل تحفظ فراہم کریں گے، انتخابات سے قبل پولنگ کے روز اور بعد از الیکشن عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں، عوام مطمئن رہیں اور پوری یکسوئی اور ذہنی سکون کے ساتھ اپنا ووٹ استعمال کرتے ہوئے جمہوری فریضے کی ادائیگی کریں۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان زاہد سلیم نے اپیکس کمیٹی کے شرکاء کو صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں انتخابات کے دوران امن وامان کی بحالی اور رائے دہندگان کے تحفظ کے لیے مؤثر انتظامی حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے جبکہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی سطح پر کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ضلعی سطح پر بھی کنٹرول روم قائم کئے جاررہے ہیں سی سی ٹی وی کیمروں کے لئے فنڈز جاری ہوچکے ہیں تنصیب کا کام جاری ہے، پولیس اور ڈپٹی کمشنرز کو محکمہ خزانہ کی جانب سے درکار فنڈز کا اجراء ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے پرعزم اور پوری طرح سے تیار ہے۔

بلوچستان

quetta

caretaker cm balochistan

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Ali Mardan Khan Domki

Election Jan 27 2024

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div