Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

عمران خان کا فارم 45 کے نتائج پر حکومت سازی کا مطالبہ

فی الفور فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کئے جائیں، بیرسٹر گوہر
شائع 21 فروری 2024 06:25pm
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے عمران خان نے فارم 45 کے نتائج پر کے پی کے، پنجاب اور مرکز میں پی ٹی آئی کی مضبوط حکومت سازی کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کہ اقتدار کیلئے غیرآئینی و غیر قانونی سیلیکشنز پر اصرار کی بجائے عوامی مینڈیٹ کی حامل تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا، پنجاب اور مرکز میں مضبوط حکومت سازی کا آئینی و جمہوری حق دیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ واضح اور فیصلہ کن عوامی مینڈیٹ پر کھلی نقب زنی ہر لحاظ سے عوام کے ووٹوں کی بے حرمتی اور دستور و جمہوریت کی پامالی کے مترادف اور پاکستان کے مفاد سے متصادم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری چھینی گئیں نشستیں واپس لوٹائی جائیں، عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کرنے کی روش ترک کرکے فی الفور فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کئے جائیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر صورت عوام کے مینڈیٹ کی نگہبانی کا فریضہ سرانجام دے گی۔ تحریک انصاف عوام کے ووٹ کی حرمت کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر پوری قوت سے آواز بلند کرے گی۔

شعیب شاہین

پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ فارم 47 پر نتائج فارم 45 سے مختلف تھے، فارم 45 رزلٹ ہوتا ہے، فارم 47 صرف اسٹیٹمنٹ ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فارم 45 کے کسی ایک ووٹ پر بھی اعتراض نہیں، فارم 47 ایک شخص بناتا ہے، بدنیتی ہوسکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے طارق فضل چوہدری کو کہا اپنے فارم 45 لے آئے ، ہمیں امید ہے کامیابی ضرور ملے گی۔

شعیب شاہین نے کہا کہ میرا نتیجہ روک دیا گیا، مجھے باہر نکال دیا گیا، میں نے الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھا ہے، سابق کمشنر راولپنڈی کو بھی خط لکھا تھا، جواب نہیں آیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کیخلاف ایف آئی آرز کاٹی گئیں، ہمارے امیدواروں کے گھروں پر چھاپے مارےگئے۔ پکے کے ڈاکو سرعام پھر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں نے الیکشن کمیشن کو تمام ریکارڈ دے دیا ہے، ریٹرننگ افسر سے کام کروانے کے لیے طاقت کا استعمال ضروری ہے ، ریٹرننگ آفس کے باہر میری گاڑی پر حملہ بھی ہوا، کیا عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنا درست ہے۔

سیاسی حریفوں کی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر ان کی حکومت آتی ہے تو بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھ جائیں گی، آنے والے دنوں مہنگائی کنٹرول سے باہر ہوجائے گی۔

Election Commission of Pakistan (ECP)

IMRAN KHAN Adiyala Jail

election 2024 results