Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
21 Shawwal 1445  

مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ بنیں گے، بلاول نے اعلان کردیا

اویس قادر شاہ اسپیکراور نوید انتھونی ڈپٹی اسپیکرسندھ اسمبلی ہوں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی
اپ ڈیٹ 24 فروری 2024 12:50am

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ بنیں گے، اویس قادر شاہ اسپیکر اور نوید انتھونی ڈپٹی اسپیکرسندھ اسمبلی ہوں گے۔

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس سے انہوں نے خطاب کیا۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک بار پھر پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا سندھ کےعوام کے شکر گزار ہیں، سندھ کے عوام نے نہ صرف کامیاب کرایا بلکہ ماضی سے بہتر نتائج دیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن میں پیپلزپارٹی کی نظریں صرف عوام پر ہوتی ہیں، سندھ کےعوام کی توقعات بھی بڑھ گئی ہیں، ہم نے ماضی سے بہتر پر فارم اور ڈیلیور کرنا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں وزیراعلیٰ کے امیدوار ایک بار پھر مراد علی شاہ ہوں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کا انتخاب ہوگا، اس کے علاوہ اسپیکرسندھ اسمبلی کے امیدوار اویس شاہ اور اقلیتی رکن انتھونی نوید سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرکے امیدوار ہوں گے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ نئی سیاست اور نئی خدمات کا آغاز ہوگا، امید ہے آپ کا مقابلہ ماضی کی کارکردگی اور دیگر صوبوں سے ہوگا، آغا سراج درانی نے اچھے سے اسپیکر کا کردار ادا کیا اب نوجوان قیادت سنبھالے گی، ہم نے اب اپنی ہی کارکردگی کو پیچھے چھوڑ کر بہترین کام کرنا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 2022 کے سیلاب میں لوگوں کے گھروں کے ساتھ ساتھ 50 فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہوگئے انہیں دوبارہ بنائیں گے، مراد علی شاہ تیزی سے سیلاب متاثرین کے گھروں کو مکمل کرائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے وزارت مانگی نہ حکومت کا حصہ بنیں گے، کراچی سے کشمور تک پانی کا مسئلہ ہے، پانی کے مسئلے پر وفاق سے مدد مانگیں گے خود بھی کوشش کریں گے، پرامید ہوں کہ پانی کے مسئلے کا بھی حل نکال سکیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کا کام قانون سازی کرنا ہے، آپ کا کردار ایسا ہونا چاہیئے کہ میں فخر کر سکوں یہ میرے نمائندے ہیں، کرپشن کے معاملے پر آپ نے سختی سے کام لینا ہے، ایسا کام نہیں ہونا چاہیے کہ پارٹی اورمیرا نقصان ہو، ہمارے پاس جو وسائل ہیں یقینی بنانا ہے صحیح استعمال ہوں، آپس کی ٹانگ کھینچنے کا جو معاملہ ہے اس پر مجھے 6 ماہ دیں تاکہ وہ کام نہ ہو۔

Bilawal Bhutto

karachi

PPP

Bilawal Bhutto Zardari

Syed Murad Ali Shah

Pakistan People's Party (PPP)

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div