Aaj News

پیر, مئ 06, 2024  
27 Shawwal 1445  

ایپکس کمیٹی اجلاس: معاشی صلاحیت کے مکمل استعمال کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، آرمی چیف

کابینہ اراکین کو سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھنے کی تلقین
اپ ڈیٹ 21 مارچ 2024 10:00pm

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کے جمعرات کو ہونے والے اجلاس آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ معاشی صلاحیت کے مکمل استعمال کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری ہوچکا ہے، جس کے مطابق اجلاس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف نے کی جبکہ سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔

اجلاس میں سابق نگراں حکومت کے اقدامات پر موجودہ منتخب حکومت کو بریف کیا گیا۔

اپیکس کمیٹی کو ایس آئی ایف سی کی جانب سے لئے گئے اقدامات اور ملک کی مجموعی معاشی صورتحال اور اداروں کی نجکاری پر بریف کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ایس آئی ایف سی کے قیام اور کونسل کی ترویج و ترقی پر فورم نے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

کمیٹی نے ملک کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں ایس آئی ایف سی کے ذریعے خاطر خواہ کاوشوں پر زور دیا۔

کمیٹی نے پالیسیوں کے تسلسل کے عزم کا اعادہ کیا اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل معاشی فیصلے کرنے کا عزم کیا۔

سابق نگراں وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف اور کابینہ اراکین کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ایپکس کمیٹی اجلاس میں سابق نگران وزیراعظم اور ان کی کابینہ نے ایس آئی ایف سی کو ملکی معیشت، نجکاری، سرمایہ کاری پر بریفنگ دی۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے ملکی معیشت کی بحالی کے اقدامات میں بھرپور حمایت اور معاونت کے عزم کا اظہارکیا اور کہا کہ معاشی صلاحیت کے مکمل استعمال کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افواج پاکستان کی جانب سے معاشی بحالی کے اقدامات کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو ملک کے وسیع تر مفاد میں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھنے کی تلقین کی۔

SIFC Apex Committee Meeting

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div