Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

ایرانی صدر کی پیر کو اسلام آباد آمد، سفیر کی وزیرِ داخلہ سے ملاقات

ڈاکٹر رئیسی کا دورہ اہم سنگِ میل، چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، محسن نقوی کی گفتگو
شائع 20 اپريل 2024 01:45pm

ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی پیر کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ نازک حالات میں ہونے والے اس ہائی پروفائل دورے میں کئی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر فضائی حملے کے جواب میں اسرائیل پر ایرانی حملوں اور اس کے بعد ایران پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں اس دورے کو اسٹریٹجک امور کے ماہرین غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔

اس دورے میں ایرانی صدر اور اُن کے ساتھ آنے والی ٹیم کے ساتھ مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کی توسیع کے حوالے سے وسیع البنیاد مذاکرات ہوں گے۔ ایرانی صدر لاہور اور کراچی کا دورہ بھی کریں گے۔

اسلام آباد میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی اور دیگر چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ایران سے اپنے برادرانہ تعلقات کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اس ملاقات میں ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے حتمی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ علاقائی صورتِ حال کے تناظر میں ایرانی صدر کا دورہ پاکستان غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

ایرانی صدر کی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم گزشتہ روز اسلام آباد پہنچی تھی جہاں اُس نے متعلقہ حکام سے ملاقات کرکے ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے دورے سے متعلق انتظامات اور سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا تھا۔ گزشتہ روز ہی ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی دفترِ خارجہ جاکر حکام سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں ایرانی صدر کے دورے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی تھی۔ ساتھ ہی ساتھ سیکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا گیا تھا۔

mohsin naqvi

irani ambassador

IRANI PRESIDENT

HIGH PROFILE VISIT AMID REGIONAL TENSIONS

ADVANCE SECURTIY TEAM

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div