Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

سیکرٹریٹ سیل: پٹیشن فائل کرچکے، عدلیہ سے ریلیف ملے گا، بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں سیٹرل سیکرٹریٹ پر پولیس کارروائی کی شدید مذمت
اپ ڈیٹ 24 مئ 2024 09:44pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد میں سیٹرل سیکرٹریٹ پر پولیس کارروائی کی شدید مذمت کی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پٹیشن فائل کرچکے، امید ہے کہ عدلیہ سے ہمیں ریلیف ملے گا، سیاسی طور پر ان کی جماعت کا مقابلہ نہ کرسکنے والے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس سنٹرل سیکرٹریٹ کے باہر ٹینٹ لگاکر منعقد کیا گیا جس میں گزشتہ رات دفتر پر پولیس کارروائی پر غور کیا گیا اور اس اقدام کی مذمت کی گئی۔

تحریک انصاف کور کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب شبلی فراز، علی محمد خان ، فردوس شمیم نقوی شریک ہوئے جبکہ علی محمد خان ٹینٹ میں بلائے گئے کور کمیٹی اجلاس میں سب سے پہلے پہنچے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سی ڈی اے اور پولیس کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے متعلق مشاورت بھی ہوئی۔

پولیس گھیراؤ کے بعد اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا مرکزی دفتر سیل کردیا گیا

واضح رہے کہ آج سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی مرکزی دفتر سیل کرنے پر حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں میں گرما گرمی بھی ہوئی۔

بیرسٹر گوہر

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مرکزی دفتر کسی بھی سیاسی جماعت کے لئے مقدس ہوتا ہے، اس معاملہ پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی ہے جس کی سماعت پیر کو ہوگی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو70 فیصد عوام کا اعتماد حاصل ہے، ہمارے سینٹرل آفس پر بلا جواز آپریشن کیا گیا، آپریشن کا مقصد ہمیں دباؤ میں لینے کے لیے تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ دبئی لیکس سے توجہ ہٹانے کے لیے ہتھکنڈے اپنائے جارہے ہیں، سی ڈی اے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں، پٹیشن فائل کرچکے، امید ہے کہ عدلیہ سے ہمیں ریلیف ملے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے راستے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہماری خواتین کو جیل میں ڈالا گیا، دوپٹے چھینے گئے، ہتھکنڈوں کے باوجود ہم نے الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے، ہم اپنی آئینی و جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔

عمر ایوب

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام کے خلاف ہم آخری حد تک لڑیں گے، حکومت کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پرامن طریقے سے اپنے حقوق حاصل کریں گے، بانی پی ٹی آئی کے احکامات کی دیر ہے، تحریک شروع ہوجائے گی۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ ملک میں آئین وقانون کی بالادستی قائم نہیں، بانی پی ٹی آئی آئین وقانون کی بالادستی قائم کریں گے، کل عامرمغل کو گرفتار کیا گیا، دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے۔

شبلی فراز

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ فسطائیت اور جبر کا نظام آخری ہچکولے کھارہا ہے، ہم یہ جنگ پہلے ہی جیت چکے ہیں اب کچھ لمحوں کی بات ہے، آئین کی بحالی ہمارا سب سے بڑا ٹارگٹ ہے،ہماری جدوجہد اب تک سیاسی ہے، ہم ایک سیاسی پارٹی ہیں کوئی گوریلا فورس نہیں ہیں، ہمارا لیڈر پرامن قانون و آئین کے اندر رہنے کی تلقین کرتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک میں ظلم و جبر اور فسطائیت کا سلسلہ جاری ہے، بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کے خلاف سیاسی مقدمات ہیں، جہاں مقبول لیڈر جیل میں ہو، وہاں کون سرمایہ کاری کرے گا۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ ہماری سینئر رہنما یاسمین راشد کو جیل میں رکھا ہوا ہے، تمام تر مظالم کے باوجود ہم نے پرامن تشخص برقرار رکھا ہوا ہے۔

islamabad police

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Raid on PTI Office