بارشوں سے خشک سالی کا خطرہ کم ہوگیا، ڈیموں میں پانی کی مقدار میں بہتری کا امکان

طویل خشک سالی کے سبب تربیلا اور منگلا ڈیم سمیت دیگر آبی ذخائر میں پانی کی مقدار میں شدید کمی واقع ہوئی تھی
شائع 20 فروری 2025 11:14am

ملک بھر میں جاری بارشوں کے باعث ڈیموں میں پانی کی سطح میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق طویل خشک سالی کے سبب تربیلا اور منگلا ڈیم سمیت دیگر آبی ذخائر میں پانی کی مقدار میں شدید کمی واقع ہوئی تھی جبکہ زیر زمین پانی کے ذخائر بھی کم ہو چکے ہیں۔

حکام کے مطابق اس وقت تربیلا اور منگلا ڈیم میں مجموعی طور پر 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی موجود ہے۔ تربیلا میں پانی کا ذخیرہ 6 لاکھ 73 ہزار ایکڑ فٹ جبکہ منگلا میں 5 لاکھ 43 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دریاؤں میں پانی کا بہاؤ کم ہو کر 29 ہزار کیوسک رہ گیا ہے، جبکہ دریائے چناب مرالہ کے مقام پر خشک ہو چکا ہے، جہاں پانی کی آمد صرف 3 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ صرف 4 ہزار کیوسک تک محدود رہ گیا ہے، جبکہ گزشتہ تین ماہ کے دوران دریائے جہلم اور چناب میں پانی کا بہاؤ 10 ہزار کیوسک تک نہیں پہنچ سکا۔

تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 13 ہزار جبکہ نوشہرہ کے مقام پر 7 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صوبوں کو 16 فیصد کم پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور اگر بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کا شارٹ فال 30 فیصد تک جا سکتا ہے۔

Dams Pakistan