شیر نے سڑک کے بیچ میں بیٹھ کر ٹریفک روک دی، ویڈیو وائرل

بھارتی ریاست مہاراشٹر میں چاندرا پور موہرلّی روڈ پر اچانک شیر کے نمودار ہونے سے خوف و ہراس پھیل گیا
اپ ڈیٹ 29 نومبر 2025 12:41am

بھارت میں شیر نے سڑک کے بیچ میں بیٹھ کر ٹریفک روک دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹو ڈے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر میں چاندرا پور موہرلّی روڈ پر اچانک شیر کے نمودار ہونے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ شیر کے سڑک کے بیچ میں بیٹھنے سے ٹریفک تقریباً آدھے گھنٹے تک رکی رہی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اس ہفتے کے آغاز میں پیش آیا جب ’’مامہ میل‘‘ نامی شیر کو اچانک سڑک پر دیکھا گیا۔ متعدد ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیر بے خوف ہو کر سڑک کے درمیان بیٹھا رہا جب کہ دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق شیر پہلے بھی اس علاقے میں نظر آتا رہا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق اسی شیر نے اس سے قبل علاقے میں دو بیلوں کو ہلاک بھی کیا تھا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پچھلے چند دنوں سے شاہراہ کے قریب شیر کی نقل و حرکت میں اضافہ ہو گیا تھا۔

ویڈیوز میں نظر آتا ہے کہ لوگ دور رہ کر شیر کی ویڈیو بناتے رہے جب کہ کوئی بھی شخص اور گاڑی آگے بڑھنے کی ہمت نہ کر سکی۔ کچھ دیر بعد محکمہ جنگلات کے اہلکار موقع پر پہنچے اور صورتِ حال کی نگرانی کی، جس کے بعد شیر خود ہی جنگل کی جانب واپس چلا گیا۔

چاندرا پور موہرلّی روڈ پر اس طرح کے واقعات مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی اسی سڑک پر ایک مادہ شیرنی نے دو پہیہ گاڑیوں پر حملہ کر کے مسافروں کو خوفزدہ کر دیا تھا جب کہ ’’مامہ میل‘‘ نامی یہی شیر بھی حالیہ دنوں میں متعدد بار دیکھا جا چکا ہے۔

یہ شاہراہ تادوبا ٹائیگر ریزرو کے قریب سے گزرتی ہے، جہاں اندازاً 300 کے قریب شیر آباد ہیں۔ جنگل اور آبادی کے درمیان کم ہوتا فاصلہ اور بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث ریف یو کے باہر شیر کی آمد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

tiger

road

blocking traffic

Tiger sits in the middle of the road,