نیپا سانحہ: مین ہول کا ڈھکن کیسے غائب ہوا؟ نئی ویڈیو سامنے آگئی

17 نومبر کی رات رانگ وے آنے والے ڈمپر کے گزرنے سے مین ہول کا ڈھکن ٹوٹا
اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2025 05:41pm
Karachi Nipa Tragedy | 3-Year-Old Ibrahim Dies in Manhole | Tragic Incident in Karachi

گلشن اقبال میں تین سالہ ابراہیم کے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے سے متعلق اہم انکشاف سامنے آگیا ہے۔ آج نیوز نے مین ہول پر ڈھکن کے غائب ہونے سے متعلق اہم فوٹیج حاصل کرلی ہے۔

گلشن اقبال نیپا چورنگی پل کے قریب اتوار کی شب پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں تین سالہ ابراہیم کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا، جس کی لاش 15 گھنٹے کی تلاش کے بعد نکالی گئی۔ واقعے کے بعد ایک اہم سوال یہ بھی سامنے آیا تھا کہ مین ہول پر آخر ڈھکن کیوں موجود نہیں تھا؟

اس سلسلے میں آج نیوز نے ویڈیو فوٹیج حاصل کرلی ہے جس کے مطابق معصوم بچےکی جان کا بلاواسطہ ذمہ دار بھی ڈمپرنکلا ہے۔

فوٹیج کے مطابق سڑک پر موجود مین ہول کا ڈھکن پہلے موجود تھا۔ 17 نومبر کی رات 2 بجے اس سڑک سے کئی ڈمپرز گزرتے رہے، جن میں سے ایک ڈمپر رانگ وے پر آتے ہوئے مین ہول کے اوپر سے گزرا۔

اس دوران ڈمپر کے پہیے کی ٹکر سے کور ہٹ گیا۔ ویڈیو میں ڈھکن کو واضح طور پر ٹوٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد یہ مین ہول کھلا رہ گیا۔

AAJ News Whatsapp


سانحہ نیپا کی تحقیقات کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر قائم کی گئی کمیٹی نے بھی آج جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔

تحقیقاتی ٹیم نے ڈیپارٹمنٹل اسٹور انتظامیہ سے رابطہ اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ جس کے بعد ٹیم اس مقام پر بھی پہنچی جہاں سے ابراہیم کی لاش ملی تھی۔

نیپا سانحہ: کے ایم سی نے ذمہ داری بی آر ٹی منصوبے اور نجی اسٹور پر ڈال دی

دوسری جانب کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے واقعے کی تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ سیکریٹری محکمہ بلدیات کو ارسال کر دی ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ابراہیم نیپا کے قریب نجی اسٹور کے عین سامنے کھلے گٹر میں گرا تھا۔

کے ایم سی رپورٹ کے مطابق بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے مین ہول کے ڈھکن کو عارضی طور پر محض دو فٹ کے کمزور کور سے ڈھانپا گیا تھا، جو وزن برداشت نہ کرسکا۔

رپورٹ کے مطابق نجی اسٹور کی غفلت بھی واقعے کی ایک وجہ بنی، کیوں کہ اسٹور کے سامنے موجود خطرناک صورتحال سے متعلق مناسب حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے۔


تاہم اب سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ بات ظاہر ہورہی ہے کہ مین ہول پر ڈمپر کا پہیہ چڑھنے سے ڈھکن سرک گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

kmc

nipa chowrangi

Nipa chowrangi incident

Ibrahim’s Death