دھند کے باعث موٹرویز بند، بارش اور برفباری کا امکان
پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں، حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ کئی شہروں میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی بھی کی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ حدِ نگاہ کم ہونے کے سبب مختلف مقامات پر گاڑیوں کی رفتار انتہائی سست ہو گئی جبکہ کئی مقامات پر ٹریفک مکمل طور پر رک گئی۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہرن مینار تک بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ایم تھری فیض پور سے درخانہ، ایم فور فیصل آباد سے ملتان، ایم فائیو ملتان سے روہڑی اور زاہد پیر سے شیر شاہ تک موٹرویز ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ موٹروے ایم الیون لاہور سے سیالکوٹ تک بھی شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔
قومی شاہراہ پر چیچہ وطنی، کسوال، اقبال نگر اور میاں چنوں کے علاقوں میں بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس کے باعث سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کی گئی ہیں اور شہریوں سے اپیل ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ لاہور 293 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے جبکہ کراچی 213 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کے تیسرے آلودہ ترین شہر کی فہرست میں شامل ہے۔ فیصل آباد کو پاکستان کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اسی طرح کشمیر، مری اور گلیات میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔















