لاہور: قسطوں پر موٹر سائیکل دینے والے تاجر کو لاکھوں روپے کے چالان موصول
لاہور میں موٹرسائیکل قسطوں پر دینے کے کاروبار سے منسلک تاجر کو اپنے نام رجسٹرڈ 500 موٹرسائیکلوں کے 23 روپے سے زائد کے ای چالان مل گئے، بھاری مالیت کے ای چالانوں نے تاجر کے ہوش اڑا دیے۔
لاہور میں صادق خان نامی ایک تاجر نے ای چالانز کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، جسے سیف سٹی کی طرف سے مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر23 لاکھ 88 ہزار 700 روپے کے ای چالان کی ٹکٹس بھیجی گئیں۔
صادق خان کی گڑہی شاہو میں موٹرسائیکلیں قسطوں پر دینے کی دکان ہے، جو 15 سال سے کاروبار کر رہا ہے۔ سیف سٹی کی طرف سے ملنے والے ای چالانز نے اسے گھما کر رکھ دیا ہے۔
قسطوں کا کاروبار کرنے والے تاجر کے نام 500 موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، موٹرسائیکل کو مجموعی طور پر 2071 چالان بھجوائے جا چکے ہیں۔کیمپس پل پر وارڈن نے موٹرسائیکل کو روکا جو صادق خان کے نام رجسٹرڈ تھی، اس کے 12 ہزار کے چالان تھے۔ وارڈن نے جب شناختی کارڈ پر مزید چیک کیا تو 23 لاکھ سے زیادہ کے چالان نکل آئے۔
صادق خان کا کہنا ہے کہ کئی خریداروں نے قسطیں پوری ہونے کے باوجود موٹرسائیکلیں اپنے نام نہیں کروائیں۔ ٹریفک پولیس نے صادق خان کو چند دن کی مہلت دی ہے چالانز جلد کلیئر نہ ہوئے تو شناختی کارڈ منسوخ ہوجائے گا۔














