ہاردک پانڈیا کی اپنے چھکے سے زخمی ہونے والے کیمرا مین کی برف سے سینکائی
بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں زخمی ہونے والے کیمرہ مین کی برف سے سینکائی کرتے دکھایا گیا ہے۔ کیمرہ مین ہارک پانڈیا کے لگائے گئے چھکے سے زخمی ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعہ 19 دسمبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں پیش آیا، جب ہاردک کے لگائے گئے پانچ زبردست چھکوں میں سے ایک چھکا کیمرہ مین کو جا لگا تھا۔
میچ کی آخری گیند کروانے کے فوراً بعد ہاردک پانڈیا بغیر وقت ضائع کیے اس کیمرہ مین کے پاس پہنچے، اس کی خیریت دریافت کی اور پھر اسے گرمجوشی سے گلے لگایا۔ ہاردک کو کیمرہ مین کے بائیں کندھے پر آئس پیک لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا جہاں انہیں گیند لگی تھی۔
ہاردک پانڈیا نے بھارت کی جنوبی افریقہ کے خلاف 30 رنز کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ وہ بھارتی اننگز میں پہلی ہی گیند پر کریز سے باہر نکلے اور جنوبی افریقی بولر کوربن بوش کی گیند کو سیدھا مڈ آف اسٹینڈز میں پہنچایا۔ یہ چھکا براہ راست اس کیمرہ مین کی جانب گیا جو نریندر مودی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے ڈگ آؤٹس کے قریب موجود تھا۔
اس واقعے کے بعد کھیل کو چند منٹ کے لیے روکنا پڑا کیونکہ کیمرہ مین کو طبی امداد کی ضرورت پیش آئی تھی۔ خوش قسمتی سے، وہ جلد سنبھل گیا اور میچ کے بقیہ حصے میں اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے قابل رہا۔
جمعرات کو ہاردک پانڈیا اس وقت مرکزِ نگاہ بنے جب انہوں نے بیٹنگ کے لیے میدان میں قدم رکھتے ہی میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی۔ اس وقت بھارت کا اسکور تیرہویں اوور میں 115 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ تھا۔ ہاردک نے محض 16 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جو کسی بھارتی بلے باز کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسری تیز ترین ففٹی تھی۔ وہ 25 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہاردک پانڈیا نے تلک ورما کے ساتھ مل کر صرف 45 گیندوں میں 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ تلک ورما نے 73 رنز کی مضبوط اننگز کھیلی، اور دونوں بلے بازوں نے بھارت کو 231 رنز کے بڑے مجموعے تک پہنچایا۔
بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز 1-3 سے اپنے نام کی۔
















