ایبٹ آباد: کاغان کالونی میں گھر سے تین کمسن بچوں کی لاشیں برآمد

پولیس کے مطابق والد اوروالدہ بے ہوشی کی حالت میں ملے۔
اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2025 10:44pm

ایبٹ آباد کاغان کالونی میں مقروض آن لائن ٹریڈرنے قرض خواہ سے جان چھڑانے کے لیے اپنا پورا گھراجاڑ دیا۔ 33 سالہ کاشف نے مبینہ طورپر تین بچوں اور بیوی کو زہر دینے کے بعد خودکشی کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق ایک گھر سے تین بچوں کی لاشیں ملیں جب کہ والد اوروالدہ بے ہوشی کی حالت میں ملے۔ بچوں کی عمریں 7 سال، 4 سال اور ایک سال ہے، جنہیں زہریلی چیز کھلا کر قتل کیا گیا۔ خاتون شیزہ کی گردن اور سرمیں زخموں کے نشان ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق گھر کا سربراہ کاشف آن لائن ٹریڈنگ کرتا تھا اور کئی افراد کا مقروض تھا۔ ملزم کے ویڈیو بیان سے سامنے آیا کہ اسے قاری صاحب نامی ایک شخص کو ایک کروڑ سے زائد کی رقم ادا کرنا تھی۔

کاشف کے کزن کا کہنا ہے کہ اسے دوپہر کے قریب کاشف کا فون آیا اور کہا کہ میں نے تمہاری آواز سننی ہے۔ جس پرانہیں شک ہوا اور گھر پہنچ کر تالا توڑا تو اندر دل دہلا دینے والا منظر تھا۔

پولیس نے بچوں کی لاشوں اور دونوں میاں بیوی کو تشویش ناک حالت میں ایوب میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں منتقل کردیا اور تفتیش شروع کر دی۔

کاشف کے موبائل پراس کی طرف سے آخری اسٹیٹس لگایا تھا کہ میرا قصورہے، میرے بچوں کا تو قصورنہیں جب کہ دوسرے اسٹیٹس میں لکھا کہ میرے موبائل میں ویڈیو ہیں، بہت ضروری یہ لازمی دیکھنا۔

پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے اس کیس کی تفتیش کر رہی ہے جب کہ کاشف کے رشتے دار کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کا آپس میں جھگڑا بھی ہوتا رہتا تھا۔

Abbottabad

جرائم

Kaghan Colony Abbottabad

Kaghan Colony

3 Children Killed by Father