92 سالہ دادی نے ’ٹیکن 8‘ ٹورنامنٹ جیت کر سب کو حیران کردیا
جاپان میں عمر کو محض ایک عدد ثابت کرتے ہوئے 92 سالہ ہساکو سیکائی نے مشہور ویڈیو گیم ’ٹیکن 8‘ کے ای اسپورٹس ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی حاصل کر لی۔
اولڈ سٹیزنز کے لیے منعقد ہونے والے اس منفرد مقابلے میں ہساکو نے اپنی مہارت اور اعتماد سے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ہساکو سیکائی نے ’ٹیکن 8‘ گیم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس منفرد مقابلے میں شریک کھلاڑیوں کی عمریں 73 سے 95 برس کے درمیان تھیں۔
یہ ٹورنامنٹ ’دی کیئر ای اسپورٹس ایسوسی ایشن‘ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا، جو بزرگ شہریوں کے لیے ای اسپورٹس کے مقابلے کرانے کے حوالے سے جانی جاتی ہے۔
ٹورنامنٹ کے 12ویں بائی اینوئل ایڈیشن میں مجموعی طور پر 8 بزرگ کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور ون آن ون فارمیٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے۔

فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، جسے کیئر ای اسپورٹس کے یوٹیوب چینل پر براہِ راست نشر کیا گیا۔ فائنل میں ہساکو سیکائی نے 74 سالہ گورو سُگیاما کو شکست دے کر ایونٹ کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کیا۔
فائنل میچ میں ہساکو سیکائی نے کلاڈیو کے کردار کا انتخاب کیا، جبکہ گورو سُگیاما نے لیلی کے کردار سے میدان میں اترنے کو ترجیح دی، تاہم ہساکو کی بہتر حکمتِ عملی اور مہارت نے انہیں کامیابی دلائی۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کے ایونٹس بزرگ شہریوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں اور انہیں سماجی طور پر فعال رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ہساکو سیکائی کی یہ کامیابی اسپورٹس کی دنیا میں ایک نئی مثال قرار دی جا رہی ہے، جس نے یہ ثابت کر دیا کہ عمر کھیل اور مقابلے کے جذبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
















