دنیا کے بدترین گینگ کے رکن کو 1300 سال قید کی سزا
دنیا کے بدترین گینگ کے رکن کو وسطی امریکی ملک ایل سلواڈور کی عدالت نے 1300 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
ڈیلی اسٹار ویب سائٹ کے مطابق ایل سلواڈور کے ایک عدالتی فیصلے میں بدنام گینگ ایم ایس-13 کے رکن مارون ایبل کو قتل، بھتہ خوری، انسانوں کو اغوا اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت کُل 1 ہزار 335 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ سزا گینگ کی سنگین جرائم کی فہرست میں شامل ہونے کے باعث دی گئی ہے۔
ایل سلواڈور کے پراسیکیوٹرز کے مطابق، مارون ایبل کو وحشیانہ قتل، خواتین کے قتل، افراد کی گمشدگی، بھتہ خوری، غیر قانونی کاروبار اور غیر قانونی گروہوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت قید کی سزا دی گئی ہے۔
یہ واحد سزا نہیں کیونکہ 18 دسمبر کو پراسیکیوٹرز نے ایم ایس-13 کے 248 ارکان کو بھی گرفتار کر کے قید کی سزا دی تھی، جن کی سزائیں 463 سے 958 سال تک تھیں۔
ایل سلواڈور کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے بتایا کہ یہ کارروائی ملک میں بدنام گینگ کو کنٹرول کرنے کی تازہ کوشش ہے۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق ان جرائم کے نتیجے میں مجموعی طور پر 169 افراد متاثر ہوئے۔
سینٹرل امریکی پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق گینگ کے سنجیدہ جرائم میں دسمبر 2021 میں ایک بہن بھائی کیرن اور ایڈوارڈو گیریرو ٹولیدو کا قتل اور گمشدگی، اکتوبر 2021 میں فٹبالر کلاڈیا جمیینا گراناڈوس کی گمشدگی اور قتل، مارچ 2019 میں ایک یونیورسٹی کے طالب علم کا قتل اور اپریل 2020 میں ایک اور طالب علم کی گمشدگی اور قتل شامل ہے۔
گینگ نے کاروبار رکھنے والے افراد سے بھتہ خوری بھی کی، انہیں دھمکیاں دی گئیں اور مختلف رقوم طلب کی گئیں تاکہ نقصان نہ پہنچایا جائے۔ کئی کاروباری افراد خوف کے باعث اپنے کاروبار بند کرنے پر بھی مجبور ہوئے۔
مجموعی طور پر 248 ایم ایس-13 ارکان کے خلاف درج الزامات میں 43 کیسز شدید قتل کے، 42 کیسز جبری گمشدگی کے، 3 کیسز خواتین کے قتل کے، 86 کیسز بھتہ خوری کے، 29 کیسز قتل کے منصوبے اور سازش کے، 32 کیسز غیر قانونی کاروبار کے تیاری کے اقدامات، 5 کیسز غیر قانونی جائیداد کے استعمال یا قبضے کے اورغیر قانونی انجمن کے کیسز شامل ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایم ایس-13 اور اس کا حریف گینگ باریو 18، حکومت کی 2022 میں منظم جرائم کے خلاف کارروائی سے قبل ایل سلواڈور کے تقریباً 80 فیصد علاقے پر کنٹرول رکھتے تھے۔ ایل سلواڈور دنیا کے سب سے زیادہ قتل کی شرح والے ممالک میں شامل ہے، جہاں پچھلے تین دہائیوں میں دونوں گینگز تقریباً 2 لاکھ افراد کے قاتل سمجھے جاتے ہیں۔
سال کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایم ایس-13 کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شاید دنیا کا سب سے ظالم اور بدترین گینگ ہے۔ یہ ایک شیطانی گروہ ہے۔
















