طلاق کا بیان وائرل ہونے پر فضا علی کا ندا یاسر پر الزام
پاکستانی ٹی وی کی معروف اداکارہ اور مارننگ شو ہوسٹ فضا علی حالیہ دنوں میں مسلسل متنازع بیانات اور وائرل کلپس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہی ہیں۔ اس بار فضا علی نے بالواسطہ طور پر ندا یاسر پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ماضی کے طلاق سے متعلق بیانات کو جان بوجھ کر دوبارہ وائرل کروایا گیا۔
فضا علی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں کہا کہ ملک اس وقت بے شمار سنگین مسائل سے دوچار ہے، مگر افسوس کہ عوام کی توجہ ان کی ذاتی زندگی کے ایک پرانے واقعے پر مرکوز کر دی گئی۔
ان کے مطابق، طلاق جیسے حساس معاملے کے بجائے یہ سوال زیادہ نمایاں کیا گیا کہ ان کے سابق شوہر طلاق کے کاغذات پر دستخط کرتے وقت بے ہوش کیوں ہو گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک پرانا کلپ جسے لوگ پہلے بھول چکے تھے، اسے اس وقت جان بوجھ کر وائرل کیا گیا جب انہوں نے بائیک رائڈرز کے حق میں بات کی تھی۔
فضا علی نے کہا، ’میں نے جو بھی بات سچائی اور منطق کے ساتھ کی تھی، اسی کا بدلہ مجھے یہ ملا۔ میری طلاق اور ذاتی زندگی کو دوبارہ عوامی سطح پر لے آیا گیا۔‘
انہوں نے اپنا درد واضح کرتے ہوئے کہا کہ، طلاق بذاتِ خود ایک تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے، مگر ہمارے معاشرے میں اس کے بعد عورت کو خاص طور پر نشانہ بنایا جاتا ہے۔
فضا علی کے مطابق وہ اپنی زندگی کو دوبارہ سنبھال چکی تھیں، لیکن پرانے زخموں کو دوبارہ کرید کر انہیں دفاع پر مجبور کیا گیا۔
فضا علی نے اس بات پر زور دیا کہ ، ’دوسرے لوگوں کے درد کو مواد کی صورت میں پیش کرنا غیر مناسب ہے۔ دکھ کی کوئی جنس نہیں ہوتی اور عزت کی کوئی میعاد نہیں ہوتی۔ میری تکلیف چاہے پرانی ہو، مگر میرا کردار ہمیشہ صاف اور مضبوط رہے گا۔‘
انہوں نے چیلنچ کیا کہ، اگر آپ میرے پرانے کلپس کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں، تو آپ کو میری خامیاں نہیں ملیں گی، بلکہ آپ دیکھیں گے کہ میں کتنی مضبوط اور اچھے کردار کی مالک ہوں۔’
واضح رہے کہ فضا علی کا ایک پرانا ویڈیو کلپ، جس میں انہوں نے طلاق کے وقت اپنے شوہر کے بے ہوش ہونے کا ذکر کیا تھا، حالیہ دنوں میں مختلف سوشل میڈیا پیجز پر دوبارہ وائرل ہورہا ہے، جس کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔
















