پاک افغان تجارتی گزرگاہوں کی بحالی، دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ کمیٹی قائم

کمیٹی کا پہلا اجلاس 6 جنوری کو طورخم سرحد پر ہوگا
شائع 04 جنوری 2026 03:10pm

پاک افغان تجارتی گزرگاہوں کی بحالی کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے تاجر رہنماؤں کے درمیان زوم میٹنگ ہوئی جس میں دوطرفہ تجارت سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

لنڈی کوتل اور خیبر کے علاقوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اجلاس کی صدارت پاکستان کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ اور ایس ایم تنویر نے کی، جبکہ افغانستان کی جانب سے افغان چیمبر آف کامرس کے سرپرست سید کریم ہاشمی نے اجلاس کی قیادت کی۔

میٹنگ میں دونوں ممالک کے تاجروں پر مشتمل ایک 12 رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق ہوا، جس میں پاکستان اور افغانستان کے چھ، چھ نمائندے شامل ہوں گے۔ طے پایا کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس 6 جنوری کو طورخم سرحد پر ہوگا، جہاں تجارتی گزرگاہیں کھولنے اور تجارت کی بحالی کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے سید جواد حسین کاظمی کو کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے۔ ایس ایم تنویر کے مطابق مشترکہ کمیٹی کی میٹنگز مختلف شہروں میں منعقد کی جائیں گی اور یہ فورم دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کرے گا۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجر تعاون کے ذریعے ممالک کو قریب لانے میں پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

تاجر رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ کمیٹی کی کوششوں سے تجارتی رکاوٹیں کم ہوں گی اور سرحدی گزرگاہوں پر معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھیں گے۔

pak afghan

Joint committee

trade corridors