امریکا کے حملے میں 40 افراد ہلاک ہوئے: وینزویلا کا دعویٰ

آپریشن کے دوران کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا، کچھ زخمی ضرور ہوئے، صدر ٹرمپ
اپ ڈیٹ 05 جنوری 2026 09:53am

وینزویلا کے اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے کیے گئے حملے میں فوجی اہلکاروں سمیت 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق وینزویلا کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں عام شہری اور فوجی اہلکار دونوں شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہ حملے ہفتے کی علی الصبح کیے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا کے حکام نے حملے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بتائی، تاہم امریکا کی جانب سے تاحال ان ہلاکتوں کی نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید۔ امریکی حکام نے اس معاملے پر کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے دوران کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا، تاہم کچھ زخمی ضرور ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتے ہوئے خصوصی دستوں نے مادورو کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، جہاں ایک ہیلی کاپٹر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا مگر وہ پرواز کے قابل رہا اور تمام امریکی افواج بحفاظت واپس لوٹ آئیں۔

جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ یہ کارروائی مادورو اور ان کی بیوی کو زندہ پکڑنے کے لیے تھی، جس میں 150 سے زائد امریکی طیاروں نے وینزویلا کی فضائی دفاع کو غیر موثر بنایا۔

Venezuelan

U.S. Attack

40 Killed