کراچی کے شہریوں کے لیے بُری خبر، کےفور منصوبے پر کام روک دیا گیا

ورلڈ بینک کے اعتراضات اور روٹ میں تبدیلی کے باعث آگمینٹیشن کا کام معطل
شائع 07 جنوری 2026 02:29pm

کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اور تشویشناک خبر سامنے آ گئی ہے۔ یونیورسٹی روڈ پر جاری کے فور منصوبے کے تحت آگمینٹیشن کا کام روک دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ورلڈ بینک کے اعتراضات اور منصوبے کے روٹ میں مجوزہ تبدیلی کے باعث کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر کے فور منصوبے کے تحت جاری آگمینٹیشن کا کام ورلڈ بینک کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی اور ناکافی حفاظتی اقدامات پر اعتراضات کے بعد روک دیا گیا ہے۔ ورلڈ بینک نے منصوبے میں ڈیزائن اور روٹ سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آگمینٹیشن کا کام 10 نومبر کو شروع کیا گیا تھا، جسے 30 دسمبر تک مکمل کیا جانا تھا۔

منصوبے کے تحت اردو یونیورسٹی سے حسن اسکوائر تک 2.7 کلومیٹر طویل پائپ لائنیں بچھائی جانی تھیں، تاہم اب تک صرف 10 فیصد حصے پر ہی کام ہو سکا ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی ڈیزائن کے تحت یونیورسٹی روڈ پر 96 انچ اور 72 انچ قطر کی پائپ لائنیں بچھائی جا رہی تھیں، تاہم ڈیزائن میں تبدیلی کے بعد اب اردو یونیورسٹی سے حسن اسکوائر تک صرف ایک ٹریک پر پائپ لائن بچھائی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک کے اعتراضات دور کرنے کے بعد منصوبے پر کام دوبارہ شروع کیا جائے گا، تاہم کام کی بحالی کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

karachi

IMF

University Road

Water Line

project halted