نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری، پانچ ہزار کا نوٹ ختم ہوگا یا نہیں؟

نئے نوٹوں میں سیکورٹی فیچرز ایڈ کئے ہیں،گورنر اسٹیٹ بینک
شائع 04 فروری 2026 03:31pm

اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ملک میں نئے ڈیزائن کی کرنسی متعارف کرانے سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 10 روپے سے لے کر 5 ہزار روپے تک تمام نوٹوں کے نئے ڈیزائن تیار کر لیے گئے ہیں اور اس حوالے سے تجاویز وزارتِ خزانہ کو بھجوا دی گئی ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے نوٹوں پر مرکزی بینک نے تفصیلی کام کیا، جس کے بعد اسٹیٹ بینک بورڈ سے منظوری لے کر معاملہ وفاقی کابینہ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ جعلی کرنسی کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

اجلاس کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ پانچ ہزار روپے کے نوٹ کو ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں درست نہیں اور نئے نوٹوں سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ نے کرنا ہے، جو اس وقت اس معاملے پر غور کر رہی ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے سوال کیا کہ نئے ڈیزائن کس طرح تیار کیے گئے ہیں، جس پر گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ قائمہ کمیٹی کو آئندہ اجلاس میں ان کیمرہ بریفنگ دی جا سکتی ہے، جہاں نئے نوٹوں کے نمونے بھی دکھائے جائیں گے۔

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ابھی تک وفاقی کابینہ نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم جلد اس حوالے سے پیش رفت متوقع ہے۔