سمندری سیکیورٹی کی صورت حال کے پیشِ نظر پاک بحریہ کا آپریشن ’محفوظ البحر‘ کا آغاز

آپریشن موجودہ صورت حال کے پیش نظرکیا جا رہا ہے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2026 09:05pm

پاک بحریہ نے موجودہ سمندری سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں آپریشن ’محفوظ البحر‘ شروع کر دیا ہے جس کا مقصد قومی جہاز رانی، توانائی کی ترسیل اور اہم سمندری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک بحریہ نے سمندری سیکیورٹی کو درپیش ممکنہ خطرات کے پیش نظر آپریشن ’محفوظ البحر‘ شروع کر دیا ہے۔ اس آپریشن کا مقصد قومی جہاز رانی اور سمندری تجارت کو لاحق خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے تحت توانائی کی ترسیل اور اہم سمندری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ تجارتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے سمندری راستوں کا محفوظ رہنا قومی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہے۔

ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے جنگی جہاز اس وقت تجارتی جہازوں کی سیکیورٹی کے لیے ایسکارٹ آپریشنز بھی انجام دے رہے ہیں۔ پاک بحریہ پی این ایسکارٹ آپریشنز پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہی ہے جب کہ تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک بحریہ کے جہاز اس وقت دو تجارتی جہازوں کو سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، جن میں سے ایک تجارتی جہاز آج کراچی پہنچنے والا ہے۔

ترجمان کے مطابق اہم سمندری راستوں کو محفوظ اور بلا تعطل رکھنے کے لیے یہ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ پاک بحریہ اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ سمندری سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور قومی جہاز رانی کے ساتھ ساتھ علاقائی سمندری سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے بھی پرعزم ہے۔