والد وسیم عباس نے اداکاری میں مدد کیوں نہیں کی؟ علی عباس کا انکشاف

'والد کی سپورٹ کے بغیر کامیابی حاصل کی'، علی عباس
شائع 15 مارچ 2026 09:09am

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار علی عباس نے انکشاف کیا کہ ان کے والد اداکار وسیم عباس نے ان کے اداکاری کے کیریئر میں کبھی ان کی مدد نہیں کی۔

علی عباس تقریباً ایک دہائی سے پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ وہ ایک فنکار گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ سینئر اداکار وسیم عباس کے بیٹے اور ماضی کے نامور فنکار عنایت حسین بھٹی کے پوتے ہیں۔

علی عباس اپنی نیچرل ایکٹنگ اور کرداروں کو حقیقت کے قریب انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں، جس نے انہیں ناظرین میں خاصی مقبولیت دلائی ہے۔

حال ہی میں انہوں نے نجی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی زندگی سے مطمئن اور خوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں بڑی گاڑی یا بڑے گھر کی خواہش نہیں، بلکہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ انہوں نے اپنی محنت سے مقام حاصل کیا ہے۔

علی عباس خود کو سیلف میڈ سمجھتے ہیں اور اپنی کامیابی کو اپنی محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اداکاری کے شعبے میں آنے کا فیصلہ کیا تو ان کے والد وسیم عباس ناخوش ہوئے اور انہوں نے کئی عرصے تک ان سے بات نہیں کی۔

بقول ان کے والد نے واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ وہ کسی پروڈیوسر یا ڈائریکٹر کو فون کر کے ان کے لیے سفارش نہیں کریں گے۔ انہیں جو کچھ کرنا ہے وہ اپنے بل بوتے پر کریں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے کیریئر کی ابتدا میں کئی بارریجیکٹ ہوئے۔

اداکار نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والد چاہتے تھے کہ وہ اداکاری کے بجائے سی ایس ایس کا امتحان دیں اور سرکاری افسر بنیں۔ ان کے مطابق ان کے خاندان میں پہلے بھی یہی سوچ رہی ہے کہ بچوں کو زیادہ محفوظ اور مستحکم پیشہ اختیار کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دادا بھی یہی چاہتے تھے کہ ان کا بیٹا سی ایس ایس کرے یا آرمی میں جائے جو میرے والد نے نہیں کیا اور ہوسکتا ہے کہ آگے جا کر جب مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تو وہ اپنے اس فیصلے پر پچھتائے ہوں اور انہوں نے پھر میرے لیے یہی چاہا کہ میں اداکاری کا شعبہ نہ اختیار کروں۔

علی عباس کے مطابق اب وہ اپنے والد کے مؤقف کو بہتر انداز میں سمجھتے ہیں کیونکہ شوبز کی دنیا غیر یقینی ہوتی ہے۔ یہ ایک ہوائی روزی ہے اور ہر والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بچوں کو زندگی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔