بالوں کے لیے کلونجی کا تیل استعمال کرنے کا صحیح طریقہ
کلونجی کا تیل صدیوں سے خواتین کی بیوٹی روٹین کا حصہ رہا ہے۔ اس میں طاقتور مرکبات جیسے تھائموکینون، فیٹی ایسڈز، اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامنز شامل ہیں جو سر کی جلد کی صحت کو بہتر بناتے ہیں اور بالوں کے گھنے پن میں اضافہ کرتے ہیں۔
یہ تیل سرکی سوزش کم کرکے بالوں کے فولی کلز کو آکسیڈیٹو اسٹریس سے بچاتا ہے، جو بال پتلے ہونے کا اہم سبب ہوتا ہے۔ تاہم، یہ یاد رکھیں کہ کلونجی آئل بالوں کو راتوں رات نہیں بڑھاتا، بلکہ بالوں کی افزائش کے لیے ایک سازگار ماحول تیار کرتا ہے۔
سر کی مالش
کلونجی آئل سب سے زیادہ اثر سر کی مالش کے دوران دکھاتا ہے۔ دو چمچ کلونجی آئل کو بادام یا ناریل کے آئل کے ساتھ ملا کر 10-15 منٹ تک کھوپڑی پر مالش کریں اور رات بھر لگا رہنے دیں۔
یہ خون کی گردش بڑھاتا ہے اور غذائی اجزاء کو فولی کلز تک پہنچاتا ہے، جس سے وقت کے ساتھ بال لمبے اور مضبوط ہوجاتے ہیں۔
کلونجی اور پیاز کے آئل کا امتزاج
یہ مرکب بالوں کی نشوونما اور مضبوطی کے لیے بہترین ہے۔ ہم وزن کلونجی اور پیاز کے تیل کو ملا کر خاص طور پر پتلے بال والے حصوں پر لگائیں۔ رات بھر لگا رہنے دیں اور اگلے دن ہلکے شیمپو سے دھو لیں۔
ہفتے میں دو بار یہ امتزاج استعمال کرنے سے بہترین نتائج ملتے ہیں کیونکہ پیاز کے تیل میں سلفر ہوتا ہے جو بالوں کے فولیکلز کو مضبوط کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ڈی آئی وائی ہیر ماسک تیار کریں
خشک، ٹوٹے ہوئے یا فریزی بالوں کے لیے یہ ماسک بہترین ہے۔ ایک چمچ کلونجی آئل کو ایک چمچ شہد یا دہی میں ملا کر بالوں اور سر کی جلد پر ایک گھنٹے کے لیے لگائیں اور پھر دھو لیں۔ اس سے بال گہرائی سے کنڈیشن ہوں گے اورجلد کی صحت بھی بہتر ہوگی، ساتھ ہی بال گرنے کے مسائل کم ہوں گے۔
ہفتہ وار آئل ٹریٹمنٹ کو فالو کریں
اگر آپ گہرائی سے غذائیت چاہتے ہیں تو کلونجی آئل کو ہلکا گرم کریں اور سیدھا سر کی جلد اور بالوں کے سروں پر لگائیں۔ پھر سر پر گرم تولیہ لپیٹیں اور کم از کم ایک گھنٹہ یا ممکن ہو تو رات بھر چھوڑ دیں۔
حرارت آئل کو اچھی طرح جذب ہونے دیتی ہے اور سرکو مکمل غذائیت فراہم کرتی ہے۔
















