بشریٰ انصاری کی سسرال میں پہلی عید تلخ کیوں گزری؟
پاکستان کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے شادی کے بعد اپنے سسرال میں گزاری پہلی عید کا ایک تلخ تجربہ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ عید ان کی توقعات کے بالکل برعکس تھی۔
بشریٰ انصاری گزشتہ چار دہائیوں سے شوبز انڈسٹری میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ نہ صرف ایک بہترین اداکارہ بلکہ گلوکارہ اور رائٹر بھی ہیں۔
اپنی خوش مزاج طبیعت کی وجہ سے پہچانی جانے والی بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا کہ ان کی پہلی شادی، جو ہدایت کار اقبال انصاری سے ہوئی تھی، زیادہ خوشگوار نہیں تھی۔
ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سسرال میں ان کی پہلی عید نہایت سادہ اور بے رونق تھی۔ گھر کا ماحول اتنا سنجیدہ تھا کہ میرے سسرال والے نہ ہنستے تھے اور نہ ہی بولتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہاں لوگ ایک دوسرے کو گلے بھی نہیں لگاتے تھے اور صرف دور سے سلام کردیتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا سابقہ سسرال انتہائی بور تھا وہ دوسروں کو تو کیا خود کو بھی خوش رہنے کی اجازت نہیں دیتا تھا۔
بشریٰ انصاری کے بقول ان کی خوش مزاجی کو دبایا جاتا تھا اور انہیں اپنی خوشی کا اظہار کرنے کی اجازت نہیں تھی۔
بشریٰ انصاری نے مزید بتایا کہ ایک بار انہوں نے مذاق میں کوئی بات کہہ دی تو انہیں سخت ڈانٹ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ مزید محتاط ہو گئیں۔
اداکارہ کے مطابق یہ تجربہ ان کے لیے کافی مشکل تھا کیونکہ وہ ایک زندہ دل شخصیت کی مالک ہیں اور اس ماحول میں خود کو گھٹا ہوا محسوس کرتی تھیں۔
















