علی ظفر نے عید کے نازیبا لباس پر قوم سے معافی مانگ لی

انہوں نےطنزیہ انداز میں اس معاملے کو "قومی اور عالمی سطح سنگین ترین غلطی" قراردے دیا۔
شائع 25 مارچ 2026 11:08am

پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر نے عید کے موقع پر اپنے لباس پر ہونے والی تنقید کا جواب انتہائی دلچسپ اور طنزیہ انداز میں دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک طبقے کی جانب سے ان کے ’شفاف کرتے‘ (بغیر بنیان کے کرتا پہننے) پر کیے جانے والے تبصروں کے بعد، گلوکار و اداکار نے ایک نوٹ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اس معاملے کو ”قومی اور عالمی سطح کا سنگین ترین مسئلہ“ قرار دیا۔

اس عید پر انہوں نے ہلکے گلابی و پیچ رنگ کی قمیض کے ساتھ دھوتی نما لباس زیب تن کیا، جبکہ ایک اور انداز میں وہ ہلکے سبز رنگ کے کُرتے میں اپنی اہلیہ کے ساتھ ہم آہنگ لباس میں نظر آئے، جس پر سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں ٹرول کیا تھا۔

علی ظفر نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر ایک اسٹوری میں لکھا، ’میں قوم سے معافی مانگتا ہوں کہ میں نے بغیر اندرونی بنیاں کے شفاف کرتہ پہنا اورعید کے موقع پر روایتی اجرک دھوتی میں پودے پانی دیے۔‘

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’ مجھے اندازہ ہے کہ یہ حالیہ دنوں میں قومی و عالمی سطح پر سب سے اہم مسئلہ بن چکا ہے، میں پوری کوشش کروں گا کہ اس ”سنگین غلطی“ کو دوبارہ نہ دہراوں اور ناظرین کی توجہ دلانے کے لیے ان کا شکر گزار ہوں۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس بیان پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض افراد نے اسے مزاحیہ انداز میں قبول کیا، جبکہ دیگر نے اسے غیر روایتی لباس کے بعد ہٹ دھرمی قرار دیا۔