پی ایس ایل 11: لاہور قلندرز کا کراچی کنگز کو جیت کیلئے 129 رنز کا ہدف
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے چھٹے میچ میں کراچی اور لاہور کی ٹیمیں مدِ مقابل ہیں. لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف دیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت نہ ہو سکا اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز ہی بنا سکی۔
لاہور قلندرز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، اوپنر فخر زمان صرف 3 رنز پر معین علی کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد عبداللہ شفیق اور محمد نعیم نے دوسری وکٹ کے لیے 25 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم نعیم چوتھے اوور میں میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد عبداللہ شفیق نے پرویز حسین ایمون کے ساتھ مل کر 28 رنز جوڑے لیکن یہ جوڑی بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکی اور دونوں کھلاڑی وقفے وقفے سے آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد 62 کے مجموعی اسکور پر چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
بعد ازاں وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ خان اور سکندر رضا نے پانچویں وکٹ کے لیے 43 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم سکندر رضا 19 رنز بنا کر 15 ویں اوور میں عباس آفریدی کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن مزید دباؤ کا شکار ہو گئی اور کپتان شاہین آفریدی اور اسامہ میر بھی جلد آؤٹ ہو گئے۔
آخری اوور میں لاہور قلندرز کی ٹیم صرف 3 رنز ہی بنا سکی جس کے باعث مجموعی اسکور 128 تک محدود رہا۔
عبداللہ شفیق 24 گیندوں پر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ حسیب اللہ خان نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 28 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے ایڈم زیمپا، میر حمزہ اور معین علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ حسن علی، سلمان علی آغا اور عباس آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسری جانب پی ایس ایل 11 کے پانچویں میچ میں حیدرآباد کنگز کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگز کو 40 رنز سے شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شامل اور حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔
کوئٹہ کی جانب سے دیے گئے 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بنا سکی۔
بولنگ کے شعبے میں ابرار احمد نے تین جبکہ احمد دانیال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
ایونٹ میں دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر برتری حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔
















