ملک میں جاری بارشوں کے مثبت اثرات: ڈیم اور بیراج پانی سے بھر گئے
ملک میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں آبی ذخائر بھر گئے ہیں اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1449.82 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ منگلا ڈیم اور چشمہ بیراج میں بھی پانی کی آمد اور ذخیرہ بڑھ گیا ہے۔ محکمہ آبی وسائل کے مطابق یہ صورتحال ملک کے پانی کے وسائل کے لیے خوش آئند ہے۔
محکمہ آبی وسائل (ارسا) کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1449.82 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ ڈیم کی مکمل ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 1550 فٹ ہے۔ تربیلا میں پانی کی آمد 43 ہزار کیوسک اور اخراج 20 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1138 فٹ ریکارڈ کی گئی، جب کہ اس کی کل ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1242 فٹ ہے۔ منگلا میں پانی کی آمد 47.5 ہزار کیوسک اور اخراج 22 ہزار کیوسک رہا۔
چشمہ بیراج میں پانی کا ذخیرہ 0.171 ملین ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا، موجودہ سطح 645 فٹ جبکہ اس کی مکمل گنجائش 649 فٹ ہے۔ بیراج میں پانی کی آمد 57.7 ہزار کیوسک اور اخراج 35 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ملک میں پانی کی مجموعی تقسیم 85.1 ہزار کیوسک ہے، جس میں پنجاب کو 42.3 ہزار کیوسک، سندھ کو 40 ہزار کیوسک، خیبرپختونخوا کو 2.3 ہزار کیوسک اور بلوچستان کو 0.5 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
اسکردو میں آج درجہ حرارت 16.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کے امکانات کا بھی امکان ظاہر کیا ہے، جو ملک کے زرعی اور آبی وسائل کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔

















