بھارتی ہدایت کار اداکارہ کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزام میں گرفتار
معروف ملیالم فلم ڈائریکٹر رنجیت کو منگل کی شام پولیس نے جنسی زیادتی کی کوشش کے الزام میں حراست میں لے لیا۔
بھارتی پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایک خاتون اداکارہ کی شکایت پر عمل میں لائی گئی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ڈائریکٹر نے فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں ہراساں کرنے اور زیادتی کی کوشش کی۔
متاثرہ اداکارہ کے مطابق ڈائریکٹر نے شوٹنگ کے دوران انہیں ایک کارواں میں بلایا، جہاں ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا۔
خاتون اداکارہ کا بیان پیر کے روز ویمن پولیس اسٹیشن میں ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد پولیس کی فوری کارروائی سے گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ حکام کے مطابق مقدمے کا اندراج اور اس سے متعلقہ کارروائیاں مکمل رازداری کے ساتھ انجام دی گئیں۔
یہ مقدمہ کوچی سٹی پولیس نے درج کیا، جبکہ رنجیت اس وقت تھوڈوپوزھا میں پولیس تحویل میں ہیں اور امکان ہے کہ انہیں جلد کوچی منتقل کر دیا جائے گا۔ جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ رنجیت اس سے قبل بھی جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنا کر چکے ہیں۔ جسٹس کے ہیمہ کمیٹی کی رپورٹ میں ملیالم فلم انڈسٹری میں ہراسانی اور استحصال کے انکشافات کے بعد ان کا نام بھی سامنے آیا تھا۔
مزید برآں، 2024 میں ایک بنگالی اداکارہ نے بھی ان کے خلاف شکایت درج کروائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا کہ 2009 میں ایک فلم میں کام کی پیشکش کے دوران ہدایت کار نے ان کے ساتھ نازیبا سلوک کیا تھا۔ یہ شکایت ای میل کے ذریعے کوچی سٹی پولیس کمشنر کو بھیجی گئی تھی۔
بعد ازاں کیرالہ ہائی کورٹ نے ان کی پیشگی ضمانت کی درخواست نمٹا دی تھی، کیونکہ پولیس اس معاملے کو قابلِ ضمانت جرم کے طور پر دیکھنے پر غور کر رہی تھی۔
















