فین کا پاکستان میں ریکارڈ بزنس

شائع 18 اپريل 2016 11:20am

 

poiopi

ہندوستان میں دھوم مچانے کے بعد بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم "فین" نے پاکستان میں نیا ریکارڈ بزنس کیا ہے۔

پاکستان میں فلم ڈسٹری بیوٹر نے بتایا کہ فین نے ملک میں ریلیز کے پہلے تین دنوں میں پانچ کروڑ روپے کما لیے ہیں۔

ڈسٹری بیوٹر حکام نے بتایا کہ سب سے زیادہ آمدنی  کراچی اور لاہور سے ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر سینی پلیکس اور تھیٹرز پر آگلے ایک ہفتے کی بکنگ بھی ہو چکی ہے۔

پاکستان اور انڈیا میں فلم نقاد پہلے ہی  فین کی پزیرائی کر چکے ہیں۔

جانے مانے فلم ڈسٹری بیوٹر اور سینما گھر کے مالک ندیم مانڈوی والا کے مطابق، شاہ رخ کامیاب باکس آفس کی ضمانت ہیں اور فین کی ریلیز کے تین دن میں ہوئے بزنس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلم نے پاکستان میں بے پناہ توجہ حاصل کی ہے اور حالیہ کچھ عرصے میں  بولی وڈ کی بڑی فلمیں ریلیز سے قبل پاکستان میں بھی موثر تشہیر کرتی ہیں۔

ندیم کے مطابق، بولی وڈ کو معلوم ہو چکا ہے کہ پاکستان ان کی فلموں کیلئے ایک بڑی مارکیٹ ہے اور اسی وجہ سے وہ پاکستان کو اپنی تشہیری مہم میں ضرور شامل کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ سابق فوجی صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں انڈین فلموں کی نمائش پر پابندی ختم کر دی گئی تھی۔