کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملک تباہی کا شکار ہے،عمران خان

شائع 19 مئ 2016 06:32pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

بھمبر:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملک تباہی کا شکار ہے۔

عمران خان نے کل مظفرآباد اور آج بھمبر آزاد کشمیر میں خطاب کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کرپٹ حکمرانوں نے پورے نظام کو کرپٹ کردیا ہے،کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔

کپتان نے کہا کہ پاناما لیکس پر وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں بھی آکر جھوٹ بولا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ نوازشریف کا پیسہ کہاں سے آتا ہے۔اصل فرنٹ مین واشنگٹن میں بیٹھا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پانچ ہزار ارب روپے قرض لیا۔عوام کے ٹیکس کے پیسے سے جیبیں بھری جاری ہیں۔کپتان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب الیکشن کمیشن پر قبضے کئے بیٹھے تھے۔نادرا اور نیب میں اپنے لوگ بٹھائے، اللہ نے ان کی کرپشن بے نقاب کردی۔

عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کو پھر شدید تنقید کا نشانہ بنایاکہا فضل الرحمان کو مولانا کہنا علماء کی تضحیک ہے۔فضل الرحمان نے اسلام کے نام پر سیاست اور ڈیزل کے پرمٹ بیچ کر پیسے بنائے۔

کپتان نے کہا کہ کشمیر میں انتخابات جیت کر آزاد احتساب کمیشن بنائیں گےاور بلدیاتی نظام کے ذریعے اختیارات عوام تک پہنچائیں گے۔