معروف ہالی وڈ  اداکارہ حجاب پہننے پر شدید تنقید کی زد میں

شائع 18 اکتوبر 2016 11:55am

lohan00000

لاس اینجلس:ہالی وڈ کی معروف اداکارہ لنڈسے لوہان گزشتہ برس 2015 میں قرآن پاک کو ہاتھ میں لے کر گھومنے کے باعث  امریکی میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اس  سال لنڈسے ایک بار پھر 'حجاب تنازعے'کی زد میں آگئی ہیں ،انہوں نے شامی مہاجرین کی مد کرتے ہوئے تُرک ٹی وی کو حجاب پہن کر انٹرویو دیا جس کے باعث انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

تُرک ٹی وی چینل ہیبر ترک کو انٹریو دیتے ہوئے  لنڈسے   کا کہنا تھا کہ جب میں قرآن کو ہاتھوں میں تھامے نیویارک کی گلیوں سے گزررہی تھی،اُسی وقت پاپارازی(فوٹوگرافرز) بھی اُسی گلی سے گزر رہے تھے،انہوں نے میرے ہاتھوں میں قرآن دیکھا اور مجھے اس طرح پیش کیا جیسے میں شیطان ہوں۔

اس واقعے کے بعد میں اپنا ملک چھوڑ کر لندن چلی گئی، میں نے وہاں جاکر بہت سکون محسوس کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں کیا سیکھنا چاہتی ہوں  اور کیا نہیں یہ میرا نجی معاملہ  اور میری مرضی پر منحصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے لندن اور سعودی عرب میں موجود دوستوں نے مجھے قرآن دیا  تاکہ میں میرے امریکہ میں گزارے گئے مشکل وقت میں مدد حاصل کرسکوں،جب میں نے قرآن پڑھنا شروع کیا تو میرے سامنے روحانیت کے نئے  دروازے کھلنا شروع ہوگئے۔

انہوں نے اپنی بات کو  مزید آگےبڑھاتے ہوئے کہا کہ مجھے اب معلوم ہوا ہے کہ باحجاب خواتین کیوں سب سے مختلف نظر آتی ہیں ،کیونکہ وہ اپنے آپ کو دوسروں سے الگ محسوس کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ اس ماہ کے شروع میں لنڈسے  نے ترکی میں قائم شامی مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ کیا ،جہاں انہیں ایک خاتون نے حجاب تحفے کے طور پر دیا۔

اسی حجاب کو پہن کر انہوں نے ترک ٹی وہ انٹرویو دیا اور مغربی شہ سرخیوں کا حصہ بن گئیں،انہوں نے کہا کہ جب ان خاتوں نے مجھے حجاب دیا مجھے محسوس ہوا کہ مجھے کسی اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ لنڈسے نے ترکی کا دورہ کام کی غرض سے کیا تھا،لیکن پھر انہوں نے فیصلہ کیا کہ انہیں وہاں کچھ دن قیام کرنا چاہئے،اُسی دوران انہوں نے شامی مہاجرین کی مدد کرنی شروع کردی۔

lindsy1

lindsy2

lindsy3