کرن جوہرپاکستانی فنکاروں کو کاسٹ نہ کرنے پرمجبور

شائع 18 اکتوبر 2016 02:01pm
File Photo File Photo

ممبئی :بالی ووڈ ہدایت کار کرن جوہر ملک دشمنی کے الزام کے بعد پاکستانی فنکاروں کو اپنی فلم میں کاسٹ نہ کرنے پر مجبور ہوگئے۔

بالی ووڈ فلمساز کرن جوہر نے بھارتی جنون کے آگے ہتھیار ڈال دیئے۔ پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں ملک دشمنی کے طعنے برداشت نہ کرسکے۔ ویڈیو پیغام میں کسی بھی پاکستانی کو آئندہ اپنی فلموں میں نہ لینے کا عہد کرتے ہوئے وطن پرستی کی قسمیں کھائیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں کرن کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی شہریوں کے جذبات کا احترام کرتے ہیں۔بھارتی ہدایت کار کا کہنا تھا کہ ملک دشمن کہنے پر ان کو صدمہ ہوا ہے اوروہ آئندہ اپنی فلموں میں کسی پاکستانی فنکار کو کاسٹ نہیں کرینگے۔

کرن جوہر نے اپنے لئے بھارتی عوام اور ملک کو اہم قرار دیااور کہا کہ وہ ملک دشمنی کے الزام پر صدمہ پہنچنے کی وجہ سے خاموش تھے۔

 پہلے کرن جوہر نے پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں بیان دیا تھا اور کہا تھا کہ اداکاروں پر پابندی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔ کرن نے سوال اٹھایا تھا کہ بھارت سے پاکستانی فنکاروں کو واپس بھیجنے کے بعد اگلے اقدامات کیا کیے جائیں گے اور کیا اس سے مسئلہ حل ہوجائے گا؟

 جس کے بعد ہندوانتہاپسند تنظیموں کی جانب سے کرن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ایک ہندو انتہاپسند تنظیم ایم این ایس نے ان کے گھر کے باہر مظاہرہ بھی کیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں اڑی حملے کے بعد بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر اسکرین پر کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ  پاکستانی ڈرامے' ہمسفر' سے شہرت حاصل کرنے والے فنکار ماہرہ خان اور فواد خان بھارت میں کئی فلموں میں کام کررہے تھے اور آئندہ فواد خان کی فلم 'اے دل ہے مشکل' اور ماہرہ کی فلم 'رئیس' ریلیز ہونے والی تھی۔ فلم اے دل ہے مشکل میں ہدایت کاری کے فرائض کرن جوہر سرانجام دے رہے تھے۔

http://www.dailymotion.com/video/x4xy1d4_karan-johr-sot_news