Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
کرکٹ ایک ایسا کھیل جس سے کھلاڑیوں نے بڑی عزت حاصل کی ہے اس کھیل کے بارے میں ایک کہاوت بڑی مشہور ہے کہ یہ جنٹل مین کا گیم ہے۔ لیکن آج ہم آپ سے ایسے کھلاڑیوں کا ذکر کرنے جارہے ہیں جنہوں نے اس کھیل سے بڑی عزت تو حاصل کی مگر کچھ وجوہات کی بناء پر ان کو اس کھیل میں بڑی بدنامی کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے تو آئیے جانتے ہیں وہ کیا وجوہات تھیں جن کی بناء پر ان کھلاڑیوں کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑا۔امید ہے آپ اس سے کافی لطف اندوز ہوں گے۔
کرس گیل
سب سے پہلے ہم آپ سے جس کھلاڑی کا ذکر کرنے جارہے ہیں وہ کرس گیل ہیں کرس گیل ویسے تو اپنی طوفانی بیٹنگ کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتے ہیں مگر ان کی کچھ ایسی عادات ہیں جن کی بناء پر ان کو کئی مرتبہ تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ ان کے ساتھ گذشتہ ماہ ایک لیگ کے دوران پیش آیا جب انہوں نے اسٹیڈیم میں ایک خاتون صحافی سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور ان سے میچ کے بعد ملنے کو بھی کہا جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
وقار یونس
وقار یونس پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ بالر ہونے کے ساتھ ساتھ موجودہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں ان کو اپنی برق رفتار بولنگ کی وجہ سے بہت شہرت حاصل تھی مگر جب سے وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ بنے تھے ان کے کئی سینیئر کھلاڑیوں کے ساتھ تنازعے منظرِ عام پر آتے رہے کبھی ان کا جھگڑا شاہد آفریدی سے ہوجاتا ہے تو کبھی عمر اکمل اور احمد شہزاد سے حالیہ دور میں ان کو سب سے زیادہ تنقید کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب پاکستان ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز احمد کو ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں نہیں تھے۔
ہر بھجن سنگھ
ہر بھجن سنگھ بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر ہیں وہ انیل کمبلے اور کپل دیو کے بعد بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے بالر ہیں وہ اپنی زبان کی وجہ سے خاصے تنازعات کا شکار رہتے ہیں وہ کھیل کے دوران کافی کھلاڑیوں سے تلخ کلامی کر چکے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کئی مرتبہ جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔
سلمان بٹ
سلمان بٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بدنامِ زمانہ کرکٹرز میں سے ایک ہیں ان کے اوپر بدنامی کا داغ دوہزار دس کے انگلینڈ کے ٹور پر لگا جب وہ کپتان کی حیثیت سے پاکستان کے لئے کھیل رہے تھے اور میچ فکسنگ میں ملوث پائے گئے۔ ان کو اس کی سزا کے طور پر پانچ سال کرکٹ سے دور رکھا گیا اور انگلینڈ میں جیل کی ہوا بھی کھلائی گئی۔
اینڈریو سائیمنڈ
اینڈریو سائیمنڈ ایک آسٹریلوی آل راؤنڈر ہیں جنہوں نے کرکٹ کھیل کر پوری دنیا میں شہرت حاصل کی مگر ان کو شراب پینے کی عادت اور دیگر کچھ عادات کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم سے باہر نکال دیا گیا۔ وہ ظابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھی کئی دفعہ جرمانے کا سامنا کر چکے ہیں۔
محمد آصف
محمد آصف پاکستان کے میکگرا کے نام سے جانے جاتے ہیں مگر وہ اپنے کریئر میں اتنے تنازعات کا شکار رہے ہیں کہ وہ بدنام کرکٹرز کی فہرست میں ٹاپ پوزیشن پر ہیں ان کے کچھ کارنامے مندرجہ ذیل ہیں۔وینا ملک کے ساتھ تعلقات،دوہزار دس میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث اور دبئی میں ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ وہ بھی کئی مرتبہ جیل کی ہوا کھا چکے ہیں۔
سری سانتھ سنگھ
سری سانتھ نے بھارت کی جانب سے بہت کم کرکٹ کھیلی مگر وہ اس میں بھی بہت سے تنازعات کا شکار رہے ہیں وہ مختلف لیجنڈ کھلاڑیوں کو وکٹ پر الٹے سیدھے اشارے کرتے ہوئے کافی بدنامی کا شکار ہوئے ہیں اس کے علاوہ وہ بدتمیزی کرنے پر اپنے ہی ٹیم میٹ ہر بھجن سنگھ سے تھپڑ بھی کھا چکے ہیں۔ وہ آئی پی ایل میں بھی فکسنگ میں ملوث رہے ہیں جس کی وجہ سے ان پر لائف ٹائم بین لگ چکا ہے۔
محمد عامر
محمد عامر دوہزار نو میں پاکستان کرکٹ میں ایک ابھرتے ہوئے ستارے کی طرح دنیا کے سامنے آئے انہوں نے اپنے مختصر سے کریئر میں پاکستان کے لئے کئی شاندار کارنامے انجام دیئے۔ مگر بدقسمتی سے یہ ابھرتا ہوا کرکٹر دو ہزار دس میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پایا گیا جس کی وجہ سے پانچ سالہ پابندی کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی جیل میں قید کی سزا بھی کاٹی جس کے بعد اب دوبارہ پاکستانی ٹیم میں واپسی ہوچکی ہے مگر وہ اپنے کریئر پر فکسنگ کا داغ بھی لگا بیٹھے ہیں۔
گوتم گمبھیر
گوتم گمبھیر بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ہیں مگر فی الحال وہ اپنی خراب کارکردگی کی وجہ سے بھارتی ٹیم سے باہر ہیں وہ اپنے کریئر میں کئی کھلاڑیوں سے بلا وجہ الجھتے رہے ہیں اور کئی مرتبہ تو یہ الجھنا جھگڑے کی سی صورت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث امپائروں اوردیگر کھلاڑیوں کو بیچ بچاؤ کے لئے آنا پڑا ہے۔ وہ اپنے انہی جھگڑوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنتے رہے ہیں۔
عمر اکمل
عمر اکمل کے بارے میں یہ کہا جا تا ہے کہ ان میں بھر پور ٹیلنٹ موجود ہے اور وہ پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بننے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں مگر عمر اکمل کو پاکستان کا بگڑا منڈا کہا جائے تو یہ بھی غلط نہ ہوگا کیونکہ وہ بھی آئے دن مختلف تنازعات میں گھرے رہتے ہیں کبھی وہ کسی ڈانس پارٹی میں پائے جاتے ہیں تو کبھی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ ان کا حالیہ تنازعہ ماڈل ریچل کان کے ساتھ سامنے آیا تھا جس میں ماڈل نے الزام لگایا تھا کہ عمر اکمل نے مجھ سے بد تمیزی کی اور میں نے اس کے بدلے میں انہیں تھپڑ بھی مارا۔