اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2017 09:11am

معروف اداکار افتخار قیصر انتقال کر گئے

پشاور: صدارتی ایوارڈ یافتہ مشہور اداکاروصداکار ،صحافی، شاعر، صداکار، سفرنامہ نگار اورفلم سازافتخارقیصرطویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

افتخار قیصر نے پاکستان ٹیلی ویژن پشاور کے سینٹرسے لا تعداد پروگرام کئے۔ مگرپروگرام 'اب میں بولوں کے نہ بولوں' انھیں شہرت کی بلندیوں تک لے گیا۔

افتخار قیصر نے بیالیس سالہ فنی زندگی میں ڈرامہ انگوری ،کچے دھاگے اور ہندکو ڈرامہ ویڑا سے بھرپور شہرت پائی۔ انھوں نے اسٹیج ڈرامے میں  صوفی شاعررحمان بابا کا کردار بھی خوب نبھایا۔

ان کی صلاحیتوں کے اعتراف میں تمغہ برائے حسن کارکردگی کے صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بہترسالہ افتخار قیصردل، گردے اور شوگرکےعارضے میں مبتلا تھے۔

ان کے بیٹے حاجب حسنین نے بتایا کہ انھیں ذیابیطس اور بلڈ پریشر تھی جس کے بعد انہیں کچھ روز قبل برین ہیمرج بھی ہوا تھا۔

شدید علالت کے باعث چند روزقبل انھیں پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا۔ اسٹریچرپربے یارومدد گارافتخار قیصرکی فوٹیج سوشل میڈیا پروائرل ہوئی توعوام کے منتخب نمائندوں کو بھی ہوش آہی گیا۔

افتخار قیصر کے رشتہ دار اور سینیئر ورسٹائل ادارکار عشرت عباس کے بقول وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے انھیں اسلام آباد بلایا تھا جہاں ان کا علاج کیا گیا لیکن چند روز بعد وہ واپس آگئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ تحریک انصاف کی حکومت نے پانچ سو فنکاروں کو آٹھ ماہ تک 30 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا لیکن اس کے بعد روک دیا گیا تھا۔

میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد افتخار قیصر کو لیڈی ریڈنگ اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔۔ تاہم وہ کئی روزسے جاری علاج کے باوجودبھی صحت نہ پاسکے۔

Read Comments