حمل(Arise)
آج اپنے مالی حالات کی بہتری کے لئے اپنے بڑوں کی باتوں پر عمل کرنے کی کوشش کریں ساتھ ہی اپنی شریک حیات کے ساتھ پیار و محبت کے معاملات پر گفتگو کرنے سے قبل پوری طرح سے تیاری کرلیں ورنہ کسی بھی غلط فہمی کے پیدا ہونے کی وجہ سے تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔
ثور(Taurus)
آج اپنے پیاروں کے بارے میں کوئی منفی خبر سننے کی وجہ سے آپ کو اپنا غصہ قابو میں رکھنا مشکل ہوسکتا ہے جس سے آپ میں برہمی اور اردگرد موجود افراد میں باہمی تعلقات کو خراب کرنے کا باعث بن سکتی ہے اور آپ کسی لڑائی جھگڑے میں بھی الجھ سکتے ہیں۔
جوزا (Gemini)
آج اپنے ان اہم منصوبوں پر کام روک دیں جن میں آپ کو واضح خیالات کے ساتھ ساتھ مکمل طور پر مستعد رہنے اور ذہنی چابکدستی کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ اس کے علاوہ موجودہ ذہنی الجھاؤ والے حالات میں اپنے پیاروں کے ساتھ ساتھ اپنے اہل خانہ کی ضروریات کا بھی خیال رکھیں۔
سرطان (Cancer)
آج آپ کو اپنے وقت کا بہتر استعمال یقینی بنانے کے لئے اپنے طے کردہ شیڈول پر توجہ دینی ہوگی اور اپنے امور کی ترجیحات بھی طے کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ اپنے اردگرد موجود افراد سے مشاورت کرنے کے بعد ہی اپنے عملی اقدامات کرنے کا آغاز کرنے کی کوشش کریں۔
اسد (Leo)
آج آپ کے ستارے اس بات کی تنبیہ کررہے ہیں کہ آج آپ اپنے پیاروں کی باتیں دھیان سے سنیں اور دل جمعی کے ساتھ اس پر عمل کرنے کی کوشش بھی کریں۔ اس کے علاوہ اگر آج آپ تمام الجھنوں سے نجات چاہتے ہیں تو اپنے معمولات میں ہی خود کو مصروف رکھیں۔
سنبلہ (Virgo)
آج دوسروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آپ پر چھائی ہوئی قنوطیت اور ماحول سے بیزاری کے جذبات آپ کو باور کرادیں گے کہ آپ کے لئے ایسے ماحول میں کام کرنا کتنا مشکل اور تکلیف دہ ہے۔ کسی ایسے کام کو ملتوی کرنا بہتر ہوگا جس میں آپ کے جذباتی ہونے کا اندیشہ ہو۔
میزان (Libra)
آج دن کے آغاز سے ہی آپ کسی نئے کام کی شروعات کرنے کے لئے بہت پرعزم اور پرجوش ہوسکتے ہیں جبکہ کسی ایسے پرانے کام کا سلسلہ شروع ہونے کے واضح امکانات ہیں جنہیں بہت عرصہ قبل آپ مکمل کرچکے ہیں۔ آج اپنے معاملات میں قریبی افراد کی مشاورت ضرور لے لیں۔
عقرب (Scorpio)
آج آپ کے لئے اپنی توجہ کو موضوع پر مرکوز رکھنا ممکن نہ ہوگا اس لئے اپنے پیشہ وارانہ معاملات میں تبدیلی لانے یا کسی سینیئر کی اصلاح کرنے کی کوشش نہ کریں لیکن اس کے باوجود اپنے کام کی جگہ پر پیدا ہونے والی تبدیلی کی وجہ سے اختلاف کو ختم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
قوس (Sagittarius)
آج اپنے اہم اہداف کی تکمیل میں ناکامی کی وجہ سے آپ کو اپنے سینیئر افراد کی جانب سے ڈانٹ ڈپٹ سننی پڑسکتی ہے۔ اصل میں یہ آپ کا قصور نہیں ہوگا بلکہ ان تک آپ کی اصل بات پہنچ ہی نہ سکی۔ اس میں آپ کی خاموشی کے علاوہ آپ کے حاسدین کی خفیہ ریشہ دوانیوں کا بھی اہم حصہ ہوسکتا ہے۔
جدی (Capricorn)
آج آپ کے ساتھ کام کرنے والے افراد آپ کے نظریے سے متفق نہ ہوں گے کیونکہ ان کا شکواہ ہوگا کہ اصل میں آپ ان کی باتوں کو سمجھ ہی نہیں پائے اور نہ ہی انہیں اپنی باتوں سے قائل کرسکے ہیں۔ آج اپنے قریبی افراد کے ساتھ خاندان کے کسی بزرگ سے بحث و تکرار کی نوبت آسکتی ہے۔
دلو (Aquarius)
آج غیر متوقع حالات و واقعات کی وجہ سے آپ کا پروگرام بار بار تبدیل ہوکر آپ کو ذہنی انتشار کا شکار بناسکتا ہے لہٰذا اپنا شیڈول بہت زیادہ مصروفیات والا نہ بنائیں ورنہ تو پھر آپ کے لئے مشکل ہوجائے گی۔ آج آپ گھر آنے میں لیٹ ہونے کی وجہ سے شریک حیات سے بحث و تکرار کا سامنا کرسکتے ہیں۔
حوت (Pisces)
آج اپنے کاروباری وعدوں کی تکمیل اور فرائض کی انجام دہی کے لئے اپنا شیڈول بناتے وقت اپنے اہل خانہ کو وقت نہ دے پائیں گے۔ اس کی وجہ سے آپ کو اپنے اہل خانہ کی جانب سے سخت قسم کے الفاظ کا سامنا کرنا پڑے گا اور شریک حیات کی ناراضگی بھی مول لینا پڑے گی۔
نوٹ: ستاروں کا یہ حال محض تفریحاً پیش کیاجاتا ہے۔ اس پر عقیدت رکھنا یا اسے سچ ماننا صحیح نہیں۔
صحیح المسلم حدیث نمبر193۔ کتاب الایمان باب کفر من قال مطرنا بالنوء کے مطابق یہ کفر ہے۔