معروف پاکستانی گلوکارہ حمیرا ارشد نے خلع کے لئے ایک بار پھر فیملی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ انہوں نے سول کورٹ میں خلع کے مقدمے کی بحالی کی درخواست دائر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بیٹے کے مستقبل کی خاطر تمام اختلافات بھلاکر احمد بٹ سے صلح کی تھی تاہم آئے روز کے جھگڑوں اور تشدد کی وجہ سے اب مزید ساتھ رہنا ممکن نہیں۔
حمیرا ارشد اور احمد بٹ گزشتہ 14 برسوں سے شادی کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں تاہم گزشتہ کافی عرصے سے دونوں کی ازدواجی زندگی میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملے ہیں۔
اب سے دوسال قبل جوڑے کے درمیان شدید اختلافات منظر عام پر آئے تھے جس کے بعد گلوکارہ نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، تاہم شوہر کے منانے پر انہوں نے 9جنوری 2018 کو خلع کی درخواست واپس لی تھی۔
یاد رہے دونوں میاں بیوی اکثر میڈیا پر ایک دوسرے پر الزامات لگاتے نظر آتے ہیں یہاں تک کہ حمیرا اپنے شوہر پر چوری جیسا سنگین الزام جبکہ احمد بٹ اپنی اہلیہ پر منشیات کے استعمال کاالزام لگا چکے ہیں۔