اسّی سے زائد خواتین کے جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد بالآخر ہالی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائن سٹین نے نیویارک پولیس کو گرفتاری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وائن اسٹین کے خلاف جنسی ہراسانی کے دو مقدمات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ برس اکتوبر میں شائع ہونے والی نیویارک ٹائمز کی تہلکہ خیز تحقیقاتی رپورٹ نے اس سکینڈل کا انکشاف کیا تھا۔
اس انکشاف کے بعد خواتین کی بڑی تعداد نے ہالی وڈ پروڈیوسر سے متعلق ہوش ربا حقائق سے پردہ اٹھایا تھا۔ ان ہی انکشافات کے بعد 'می ٹو' مہم کا بھی آغاز ہوا تھا۔
وائن سٹین پر الزامات لگانے والی خواتین میں ہالی وڈ کی صف اول کی اداکارائیں انجیلینا جولی، سلما ہائیک، گائینتھ پیلٹرو، ایشلے جَڈ، روز میک گوئن اور ہیتھر گراہم شامل ہیں۔
سلمیٰ ہائیک نے ہاروی وائن اسٹین کے حوالے سے کئی ہوش ربا انکشافات کئے انہوں نے بتایا کہ کس طرح وہ ان کو ہراساں کرتا تھا اور دھمکیاں دیتا تھا۔
سلمیٰ ہائیک نے بتایا کہ 2002 میں فلم 'فریدا' میں سرمایہ لگانے کے بعد ہاروی وائن اسٹین نے مجھے بلیک میل کرنا شروع کردیا اور طرح طرح کی جنسی خواہشات کی بھرمار کردی۔
معروف اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہر بار کا انکار وائن اسٹین کا غصہ بڑھاتا رہا یہاں تک کہ اس نے مجھے ایک بار قتل کی بھی دھمکی دی۔