شائع 22 ستمبر 2018 06:40am

پیروں کے ناخنوں کی رنگت سے جسمانی مسائل کی شناخت

بیشتر اوقات ہم اپنے پیروں کے ناخنوں پر توجہ نہیں دیتے، کیونکہ ہمیں معلوم ہی نہیں کہ ان کی رنگت ہمارے جسم کے بارے میں کتنی اہم معلومات فراہم کرسکتی ہے۔

صحت من ناخن چمکیلے، ہموار، مستحکم رنگت اور عموماً گلابی مائل ہوتے ہیں۔ اگر ان پر اس سے مختلف رنگ، نشان یا لکیریں نظر آئیں تو ان پر توجہ ضروری ہو جاتی ہے ، کیونکہ یہ صحت کے مختلف مسائل کا عندیہ دیتے ہیں۔

٭ سیاہ/ جامنی

کسی بھاری چیز کے گرنے یا ناخن پر چوٹ لگنے کی وجہ سے اکثر ان کی رنگت جامنی یا سیاہ پڑجاتی ہے۔ اس کے علاج کے لیے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، ناخن مسلسل بڑھتے رہتے ہیں اور یہ نشان غائب ہوجاتے ہیں۔

٭ بھورے / پیلے

پیروں کے غیرمعمولی طور پر پتلے اور پیلی یا بھوری مائل رنگت کے ناخن فنگل انفیکشن کا نتیجہ ہوسکتے ہیں، اس سے ایک وقت میں کئی ناخن متاثر ہوسکتے ہیں۔ یہ فنگس جتنی گہرائی میں جائے گا اتنی ہی اس کی رنگت تبدیل ہوگی۔ فنگس شدہ ناخن پتلے ہوتے ہیں ، جبکہ ان کے کونے ٹوٹ جاتے ہیں، یہ انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے۔ اس کے علاج کا انحصار انفیکشن کی شدت پر ہوتا ہے جو ادویات یا دیگر طبی طریقہ کار کے مطابق ہوتا ہے۔ اگر ناخن کی رنگت پیلی یا بھوری مائل نظر آئے تو فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ وہ فوری اس کا تجزیہ کرکے علاج تجویز کرسکے۔ بھورے اور خاکستری ناخن فنگل انفیکشن کی بجائے جسم میں وٹامن بی 12 کی کمی کا نتیجہ بھی ہوتے ہیں۔ تو اس کا حل ڈاکٹر کے مشورے سے سپلیمنٹ کا استعمال ہوتا ہے۔

٭ سفید نشان/ لکیریں

عام طور پر تنگ جوتوں یا مسلسل دباؤ کے باعث ایسی لکیریں یا نشان پڑ جاتے ہیں۔ ناخنوں سے مسلسل ایک جگہ پر رگڑنا بھی اس کا باعث ہوسکتا ہے۔ اس کا علاج ڈاکٹر کے مشورے سے مخصوص سپلیمنٹس کے استعمال میں پوشیدہ ہے، دوسرا علاج انتظار کرنا ہے، کیونکہ کچھ عرصے میں ناخن بڑھنے سے نشان غائب ہوجاتے ہیں، مگر یہ سفید لکیریں خون کی کمی کے باعث بھی ابھرتی ہیں، اگر تو تنگ جوتے استعمال نہیں کرتے یا کسی اور وجہ سے چوٹ نہیں لگی تو اینیمیا ہی اس کی وجہ ہوسکتی ہے، تو ڈاکٹر سے رجوع کرکے دیکھیں کہ آئرن کی کمی تو نہیں۔

٭ سرخ ناخن

عام طور پر ایسے ناخن خوراک نہ کھانے کا نتیجہ ہوتے ہیں یا یوں کہیں کہ  شدید قسم کی غذائی کمی اس کا باعث ہوتی ہے، جس کا علم آپ کو خود ہی ہوسکتا ہے۔ ناخنوں کی یہ رنگت اس بات کی علامت ہے کہ ڈاکٹر سے فوری رجوع کیا جائے۔

٭ سیاہ لکیریں

اگر ناخنوں پر سیاہ لکیریں ابھر آئی ہیں یا وہ مکمل سیاہ ہوگئے ہیں تو اس کی وجہ بے ضرر سے لے کر سنگین ترین ہوسکتی ہے، تو بہتر یہی ہے کہ ڈاکٹر سے رجوع کرکے معائنہ کرایا جائے۔

Read Comments