شائع 21 نومبر 2018 06:46am

کھیتوں میں پڑا مارٹر گولہ پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق

سوات: صوبہ خیبرپختونخوا کی وادی سوات کی تحصیل مٹہ میں ایک پرانا مارٹر گولہ پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق 4 بچے مٹہ کے گاؤں ارکوٹ نیلاگرام میں کھیتوں میں پڑے پرانے مارٹر گولے کے ساتھ کھیل رہے تھے کہ اچانک وہ زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔

واقعے میں 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، جنہیں مٹہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق چاروں بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

Read Comments