شائع 14 مئ 2019 09:39am

ہانیہ عامر کو 'دانے دار' کہنا یاسر حسین کو مہنگا پڑگیا

لاہور: کسی بھی خاتون کیلئے کیل مہاسے ایک ڈراؤنے خواب کی طرح ہوتے ہیں۔ اگر یہی مہاسے کسی ایسی شخصیت کے نکل آئیں جو معروف ہو اور ٹی وی پر آتی ہو تو اندازہ لگا لیں کہ ان کا کیا حال ہوتا ہوگا۔

ایسا ہی کچھ ہوا پاکستانی ٹیلی وژن کی معروف ماڈل و اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ، جنہیں آج کل کیل مہاسوں کا سامنا ہے۔

اداکار یاسر حسین نے گزشتہ روز جب ہانیہ کے کیل مہاسوں کا مذاق اُڑایا تو شاید ہانیہ اور ان کے مداحوں کو یہ بات پسند نہ آئی۔

ہانیہ عامر نے اپنی چند تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں، جس میں انہوں نے اپنی جلد کے مسائل مداحوں سے شیئر کیے، ساتھ ہی یہ بھی یاد دلایا کہ وہ ایک سلیبرٹی ہیں، اور اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں اپنی زندگی میں مسائل کا سامنا نہیں۔

مداح نے جب یاسر حسین سے ایک لفظ میں ہانیہ عامر کو بیان کرنے کو کہا تو انہوں نے جواباً اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر 'دانے دار' لکھا۔ جس کے بعد تنقیدی ٹویٹس اور جواب در جواب کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

 ہانیہ عامر نے یاسر کے اس جواب کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا اور لکھا 'میرے دوست کو معاف کیجئے، ان کو آج کل نامناسب مذاق کرنے کی عادت ہوگئی ہے'۔

اداکارہ کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی یاسر حسین پر لوگوں نے تنقید کرنا شروع کردی۔

یاسر حسین نے ہانیہ عامر کے ناپسندیدگی پر معافی مانگنے کے بجائے ایک اور جواب دیا جس کے بعد ٹوئٹر پر ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگیا۔

یاسرحسین نے لکھا 'بس دوست کہہ دیا، اس ہی لئے لکھا تھا، مذاق نہیں تھا، ایکنی (acne) کو اردو میں دانہ کہتے ہیں'۔

ہانیہ عامر نے بغیر کسی کا نام لیے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا 'لوگ کسی کے عدم تحفظ کا مذاق بناتے ہیں اور یہ سب سے بدترین بات ہے، لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ کسی کے خوف کا مذاق بنانا صحیح نہیں، کسی کو عجیب محسوس کرا کر زیادہ اسمارٹ بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، کسی کو ذلیل کرنا مذاق نہیں، میں ہنس نہیں رہی، کوئی نہیں ہنس رہا'۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی یاسر حسین اپنے اس قسم کے بیانات کے باعث کئی بار تنقید کی زد میں آچکے ہیں۔

2017 میں ہم ایوارڈز کی تقریب میں یاسر حسین میزبانی کررہے تھے، اس دوران اداکار احسن خان کو ان کے ڈرامے اڈاری کیلئے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا، جس کے بعد یاسرحسین نے احسن کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ اڈاری میں احسن خان نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے ایک شخص کا کردار نبھایا تھا۔

احسن خان جب ہم ایوارڈز کے دوران اسٹیج پر اپنا ایوارڈ قبول کرنے کیلئے آئے تو یاسر حسین نے کہا کہ ’اتنا خوبصورت چائلڈ مولسٹر (بچوں کا جنسی استحصال کرنے والا)، کاش میں بھی بچہ ہوتا'۔

اس ایونٹ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یاسر حسین کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بعدازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر معافی مانگتے ہوئے اپنی غلطی کو قبول کیا۔

Read Comments