پرویزمشرف کی درخواست کی سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ کا فل بینچ تشکیل

اپ ڈیٹ 08 جنوری 2020 10:38am

لاہور:سابق صدر پرویز مشرف کا ٹرائل کرنے والی خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف درخواست کی سماعت کے لیے لاہورہائی کورٹ کا فل بینچ تشکیل دے دیاگیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست کی سماعت کے لیے 3رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں فل بینچ 9جنوریبروز جمعرات کو سماعت کرے گا، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس مسعود جہانگیر بھی بینچ میں شامل ہیں۔

پرویز مشرف کے وکیل خواجہ طارق رحیم اور اظہرصدیق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت ودیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پرویز مشرف کے خلاف غداری کے استغاثہ کی سماعت کرنےوالی خصوصی عدالت کی تشکیل غیر آئینی ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی صوابدید پر خصوصی عدالت قائم کی۔

خصوصی عدالت کے پراسیکیوٹر کی تعیناتی سمیت کوئی عمل قانون کے مطابق نہیں کیا گیا،استدعا ہے کہ عدالت خصوصی عدالت کی کارروائی کا ریکارڈ طلب کرنے کا حکم دے اور خصوصی عدالت کی کارروائی اور تشکیل کو غیر آئینی قرار دے۔

Read Comments