خصوصی عدالت کی تشکیل ،مشرف کی درخواست پر سماعت 13جنوری تک ملتوی

اپ ڈیٹ 10 جنوری 2020 10:59am

لاہور ہائی کورٹ نےخصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست پر سماعت 13جنوری تک ملتوی کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ کے 3رکنی فل بینچ کے سامنے پرویز مشرف کے وکلاء خواجہ طارق رحیم اور اظہر صدیق عدالت پیش ہوئے۔

عدالتی معاون بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ عدالتی فیصلوں کے تحت ملزم کا ٹرائل اس کی موجودگی کے بغیر نہیں ہو سکتا، ایمرجنسی کا اقدام کسی ایک فرد کی طرف سے نہیں تھا، تمام سمریوں میں پرسن نہیں بلکہ پرسنز درج ہے۔

عدالت نے پوچھا کہ کیا پاکستان میں پہلے کبھی ملزم کی غیر موجودگی میں ٹرائل مکمل کیا گیا؟، وفاق بتائے کیا اسحاق ڈار کے خلاف ایسے کارروائی کی گئی؟۔

 عدالت نے ریمارکس دئیے کہ عدم موجودگی میں دی گئی سزاء کہاں کا قانون کہاں کا انصاف ہے، اگر خصوصی عدالت کے فیصلے کو دیکھا جائے تو اعانت جرم میں پارلیمنٹ اور تمام شامل ہیں، پیرا 56 میں پوری فوج کو رگڑ دیا گیا، غداری کے قانون میں تبدیلی کے بعد صرف ایک بندے کو ہی سزاء سنائی گئی۔

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ فرد جرم میں آرٹیکل 6کا ذکرنہیں ہے، جس پرعدالت نے کہا کہ آپ کی توسمری میں بھی آرٹیکل 6کا ذکرنہیں ہے جو قانون کا تقاضا تھا،اگرآج حکومت ایمرجنسی لگائے توکیا آنے والی حکومت اسے چارج کرے گی، ایمرجنسی کےپہلےعبوری حکم میں آرمی چیف اور صدردونوں کا ذکر ہے،کیا یہ کلیریکل غلطی تھی یا اور کچھ تھا واضع کیا جائے۔

 عدالت نے خصوصی عدالت کی تشکیل کی سمری کاریکارڈ طلب کرتے ہوئےسماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی۔

عدالت نے وزارت قانون کی جانب سے سپریم کورٹ کولکھے گئے خطوط کاریکارڈ بھی طلب کرلیا۔

Read Comments