Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے ایرانی سفیر سید محمدعلی حسینی نے ملاقات کی ، جس میں خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان میں تعینات نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی،جس میں ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بطورسفیرپاکستان تعیناتی پرسید محمد علی حسینی کو مبارکباد دی اورخوش آمدید کہا ۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ تاریخی، مذہبی وکثیرالجہتی برادرانہ تعلقات ہیں، مجھے توقع ہے کہ آپ جیسے منجھے ہوئے سفارتکارکی تعیناتی سے پاک ایران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کروانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے،خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہوں،وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پرجلد ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہو رہا ہوں۔
ایرانی سفیرمحمد علی حسینی نے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ،پاک ایران دو طرفہ تعلقات کومزید وسعت دینے کے لیے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 12جنوری کو ایران ، 13کو سعودی عرب اور15جنوری کو واشنگٹن جائیں گے ۔