کوئٹہ دھماکا: شہید ہونے والے ڈی ایس پی کی تدفین کردی گئی

شائع 11 جنوری 2020 08:01am

سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے اسحاق آباد کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان الله اور دیگر چار افراد کی تدفین آبائی قبرستان مشرقی بائی پاس میں کر دی گئی۔اس سے قبل ڈی ایس پی امان الله کی پولیس لائن میں نماز جنازہ ادا کی گئی تھی۔

 سی ٹی ڈی کوئٹہ میں ایس ایچ او سیٹلائٹ ٹاؤن کی مدعیت میں نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف دہشتگردی ایکٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

دھماکے کے بعد ایف سی نے مقامی پولیس کے ہمراہ جائے وقوعہ اور علاقے کا گھیراؤ کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کیا۔

خودکش حملے کے بعد وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے موقع کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت دی کے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی ہسپتال میں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائے اور آئی جی بلوچستان پولیس سے فوری طور پر مکمل رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ گزشتہ شام سیٹلائٹ ٹاؤن اسحاق آباد میں واقع مسجد دارالعلوم شریعہ میں نماز مغرب کے دوران ایک خودکش حملہ کیا گیا جس میں ڈی ایس پی امان الله پیش امام سمیت 15 افراد شہید اور30 کے قریب افراد زخمی ہوگئے تھے ۔

Read Comments