وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کےتحفظات دورکرنے کےلئے پی ٹی آئی سندھ کےرہنماؤں کو ٹاسک دےدیا۔حکومتی وفد کی ایم کیو ایم رہنماؤں سےملاقات کابھی امکان ہے۔جبکہ وفاقی وزیرفیصل واوڈا نے خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کرکے موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔
ایم کیو ایم کے تحفظات دورکرنے کےلئے پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں کوٹاسک دیدیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پرحکومتی وفد کی ایم کیوایم رہنماؤں سے آئندہ24 گھنٹوں میں ملاقات کا امکان ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ سے بھی رابطہ کرنے کا کہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیوایم کے ساتھ کیے گئے تمام وعدوں پر عمل درآمد ہوگا۔ایم کیو ایم حکومت کی بہترین اور بااعتماد اتحادی ہے۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے موجودہ سیاسی صورتحال پربات چیت کی۔
فیصل واوڈا نے کہاکہ خالد مقبول صدیقی نے بڑے احسن طریقے سے بات سنی۔
فیصل واوڈا نے ایم کیوایم کے مطالبات کوجائزقراردیتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے مسائل کے حل کےلئے تعاون جاری رہے گا ۔متحدہ سمیت کسی اتحادی کوجانے نہیں دیں گے ۔کراچی کو کسی صورت نظراندازنہیں کیا جا سکتا ۔وفاقی حکومت کراچی کیلئے اب مزید تیزی کے ساتھ کرے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ متحدہ اورتحریک انصاف کراچی کےلئے منصوبوں پر عمل درآمد کرے۔ وزیراعظم اوروفاقی کابینہ نے بھی کراچی کواولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ جہانگیر ترین سودا کرنے کراچی آرہے ہیں اب دیکھتے ہیں ایم کیوایم کہاں کھڑی ہوتی ہے ۔عمران خان کاہروعدہ برف پر تحریر ہوتی ہے ۔