Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
تہران :وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کی ، جس میں ایران امریکاکشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کاوشیں جاری ہیں۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کی۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ملاقات میں ایران ،امریکاکشیدگی،خطے میں امن و امان کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قابو پانے اور معاملات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کے لیے تمام فریقین کو تحمل ، برداشت اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے ۔
وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ خطے کو عدم استحکام سے بچانے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے تمام اطراف کو سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔
شاہ محمودقریشی نےاپنے ایرانی ہم منصب کو خطے کے دیگروزرائےخارجہ سےہونے والے روابط کی تفصیلات سےبھی آگاہ کیا،ایرانی وزیرخارجہ نےپاکستانی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے خطے میں قیام امن کے لیے وزیراعظم عمران خان کے عزم کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ایران نے پہلے بھی "امن کاوشوں" کی تائید کی اوراب بھی خیرمقدم کرتے ہیں۔
اس سے قبل دورہ ایران میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی صدرحسن روحانی سے ملاقات کی ، پاک ایران تعلقات سمیت ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں قیام امن زیر بحث رہا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا جبکہ ایرانی صدرنے پاکستان کی قیام امن کی کوششوں کو سراہا۔